معروف اداکارہ سورا بھاسکر بھی ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں ہوئیں شریک
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور عوامی مسائل پر اکثر آواز اٹھانے والی سورا بھاسکر نے جمعرات کے روز انڈین نیشنل کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شرکت کی
نئی دہلی، یکم دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور عوامی مسائل پر اکثر آواز اٹھانے والی سورا بھاسکر نے جمعرات کے روز انڈین نیشنل کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے راہل گاندھی کے ساتھ پیدل سفر کیا، جس کی تصاویر منظر عام پر آئی ہیں۔کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی اس یاترا کو 85 دن مکمل ہو گئے ہیں۔ سورا بھاسکر کی موجودگی سے اس یاترا کو مزید مقبولیت حاصل ہونے کی امید ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا قافلہ مدھیہ پردیش کے اجّین سے گزرا ہے۔ جہاں سورا بھاسکر کو اس ریلی میں راہل گاندھی کے ساتھ قدم سے قدم ملاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ راہل گاندھی کے ساتھ سورا بھاسکر کی یہ تصاویر سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنی ہوئی ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کوئی فلم اسٹار کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا حصہ بنا ہو۔ سورا بھاسکر سے پہلے راہل کی یاترا میں اداکارہ رشمی دیسائی، ریا سین، آکانکشا پوری، پوجا بھٹ اور تجربہ کار اداکار امول پالیکر جیسے کئی فلمی ستارے شرکت کر چکے ہیں۔



