ممبئی، 16فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ٹیم انڈیا کے کرکٹر پرتھوی شا پر ممبئی میں حملے کی خبر ہے۔ پولیس کو دی گئی شکایت کے مطابق سیلفی سے انکار کرنے پر کچھ شائقین مشتعل ہو گئے اور کرکٹر کی گاڑی پر حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ بدھ کی شام تقریباً 4 بجے پیش آیا۔ اس دوران پرتھوی شا اپنے دوست کے ساتھ کار میں بیٹھے ہوئے تھے۔ تب کچھ لوگ وہاں آئے اور ان کے ساتھ سیلفی لینے کو کہا۔ پرتھوی کے انکار پر ان کی کار پر بیس بال کے بلے سے حملہ کردیا۔ شائقین نے کرکٹر کی گاڑی کی ونڈ شیلڈ توڑ دی اور 50 ہزار روپے کا مطالبہ بھی کردیا۔اوشیوارہ پولیس نے اس معاملہ میں 8 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے۔ ان میں سے 2 نامزد اور 6 نامعلوم ہیں۔ شکایت میں جن لوگوں کا نام لیا گیا ہے ، جن میں سے دو کی شناخت شوبھت ٹھاکر اور ثنا عرف سپنا گل کے طور پر کی گئی ہے۔
دونوں نے الزامات کی تردید کی ہے اور الزام لگایا ہے کہ پرتھوی شا نے ان پر پہلے حملہ کیا تھا۔اس معاملہ میں ملزم سپنا گل کے وکیل علی کاشف خان کا کہنا ہے کہ لڑائی سپنا نے نہیں بلکہ پرتھوی شا نے کی تھی۔ لڑائی کی ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ پرتھوی کے ہاتھ میں لاٹھی ہے۔ وکیل کا کہنا ہے کہ ان کی موکل سپنا کو اوشیوارا تھانے میں بٹھا کر رکھا گیا ہے۔ اسے میڈیکل کے لیے بھی نہیں جانے دیا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ سہارا اسٹار ہوٹل کے قریب پیش آیا۔ پرتھوی شا اور ان کے دوست رات کے کھانے کے لیے ایک ریستوراں گئے تھے۔ اس دوران کرکٹر کا ایک پرستار اور ایک خاتون مداح ان کی میز کے قریب آگیا۔
خاتون مداح نے کرکٹر کے ساتھ سیلفی لینے لگی۔ ۔ کچھ تصاویر اور ویڈیوز لینے کے بعد بھی جب وہ ایسا کرنے سے باز نہ آئے، تو کرکٹر نے ریسٹورنٹ کے مالک کو فون کیا اور مداحوں کو ہٹانے کو کہا۔ ریسٹورنٹ کے منیجر نے مداحوں کو وہاں سے ہٹا دیا۔ لیکن اس سے ناراض دونوں مداح ریستوراں کے باہر کرکٹر کا انتظار کرتے رہے۔ملزمان نے کرکٹر کی گاڑی کو بیس بال کے بلوں سے گھیر لیا۔ ایک سگنل پر گاڑی روکی اور ونڈ شیلڈ توڑ دی۔ مداحوں نے پرتھوی کے دوست سے 50 ہزار روپے کا مطالبہ بھی کیا۔ معاملہ اس وقت بڑھ گیا جب گاڑی کا شیشہ توڑ دیا گیا۔ شائقین اور کرکٹر کے درمیان جھگڑا ہوا۔ بعد میں اوشیوارہ پولیس نے پرتھوی کو دوسری کار کے ذریعہ گھر بھیجا۔اوشیوارہ پولیس نے ملزم کیخلاف آئی پی سی کی دفعہ 143، 148، 149، 384، 437، 504، 506 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ ثنا عرف سپنا گل اور شوبھت ٹھاکر سمیت کل 8 ملزم بنائے گئے ہیں۔تاہم یہ بھی رپورٹ ہے کہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
Prithvi Shaw allegedly attacked in Mumbai’s Oshiwara. 8 people have been booked under sections 143, 148,149, 384, 437, 504, and 506 of IPC and started further investigation.#PrithviShaw pic.twitter.com/asmDhBNZcY
— Aniket Mishra (@agaltet) February 16, 2023



