کسان تحریک: معاملہ ہائی کورٹ پہنچا، پی آئی ایل داخل کر کیا یہ مطالبہ
ریاست کسانوں کو احتجاج کے ان کے بنیادی حق کو استعمال کرنے سے روک رہی ہے
نئی دہلی،21فروری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)ایم ایس پی پر قانونی ضمانت کا مطالبہ کرنے والے کسان آج پھر دہلی کی طرف مارچ کر رہے ہیں۔ دہلی سے تقریباً 200 کلومیٹر دور پنجاب اور ہریانہ کے درمیان شمبھو بارڈر پر ہزاروں کسان کھڑے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے بدھ کو کہا کہ مرکزی وزیر زراعت ارجن منڈا نے کسانوں کو پانچویں دور کی بات چیت کی پیشکش کی ہے اور ان سے پرامن حل تلاش کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس دوران کسانوں کے احتجاج کے حق کے لیے پنجاب ہریانہ ہائی کورٹ میں پی آئی ایل دائر کی گئی ہے۔دریں اثناکسانوں کے احتجاج کے حق کے لیے پنجاب ہریانہ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی پی آئی ایل پر وکیل ادے پرتاپ سنگھ نے کہا کہ میں نے کسانوں کے حق میں PIL دائر کی ہے۔
ریاست کسانوں کو احتجاج کے ان کے بنیادی حق کو استعمال کرنے سے روک رہی ہے اور رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔وکیل نے مزید کہا کہ ہندوستان کے شہری ہونے کے ناطے کسانوں کو ملک کے کسی بھی حصے میں جانے کا حق ہے۔ ہریانہ حکومت نے ناکہ بندی لگا دی اور انٹرنیٹ خدمات معطل کر دیں۔ پی آئی ایل میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کو بحال کیا جائے اور متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ایڈوکیٹ ادے پرتاپ سنگھ نے کہا کہ زخمی کسانوں کو معاوضہ ملنا چاہیے۔ پنجاب حکومت اس کے حق میں ہے، لیکن ہریانہ اور یوٹی (چندی گڑھ) اس کے خلاف ہیں۔ ہائی کورٹ کا کوئی حکم کسانوں کو احتجاج کے دوران ٹریکٹر اور بھاری مشینری کے استعمال سے نہیں روکتا۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم سپریم کورٹ میں اس کیخلاف لڑیں گے۔
وزیر زراعت ارجن منڈا نے بدھ کو احتجاجی کسانوں کو کم از کم امدادی قیمت سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کے پانچویں دور کے لیے مدعو کیا۔ وزیر نے احتجاج کرنے والے کسانوں سے امن برقرار رکھنے اور حل تلاش کرنے کے لیے بات چیت میں شامل ہونے کی بھی اپیل کی۔ منڈا نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم تمام مسائل پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں، خواہ وہ ایم ایس پی ہو یا فصلوں کی تنوع۔ ہم مذاکرات کے ذریعے ہی حل تلاش کر سکتے ہیں۔ میں نے انہیں بات چیت کے لیے مدعو کیا ہے اور ان سے اپیل کی ہے کہ وہ امن برقرار رکھیں اور ایسا حل تلاش کریں جو سب کے لیے اچھا ہو۔



