بین الاقوامی خبریں

مصر میں بیٹے کے اسکول کے سامنے والد کا اقدام خود سوزی

قاہرہ، 16اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مصر میں بیٹے کے اسکول کے سامنے اقدام خودسوزی کرنے والے مصری شہری کا واقعہ سوشل میڈیا پرزیر بحث ہے۔خبر کے مطابق شمالی مصر کے ایک اسکول میں زیر تعلیم ایک بچے کے والد نے کورس کی کتابیں دینے کی درخواست کی تھی جسے اسکول نے مسترد کردیا تھا۔مصری میڈیا نے بتایا کہ اسکول کی پرنسپل نے نہ صرف کورس دینے سے انکار کیا بلکہ بچے کے والد کے ساتھ نامناسب سلوک بھی کیا۔بچے کے والد نے کتابیں دینے سے انکار اور پرنسپل کے نارواسلوک پر دل برداشتہ ہوکر البحیرہ کمشنری کے قصبے میں واقع اسکول کے سامنے مبینہ طور پر تیل چھڑک کر خود کو آگ لگالی۔

ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ بچہ پرائمری اسکول کی پہلی کلاس میں زیرتعلیم ہے۔ اسکول کے عملے نے فوری مداخلت کرتے ہوئے آگ بجھانے کی کوشش کی اور اس شخص کو ہسپتال پہنچایا گیا۔ اقدام خودسوزی کرنے والے مصری شہری کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ اس کا شوہر اسکول پرنسپل کے نامناسب سلوک سے دل برداشتہ تھا جبکہ بیٹے کی فائل بھی اسکول کے سرکاری ریکارڈ سے غائب کردی گئی تھی۔ مصری شہری کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد اسکول انتظامیہ نے گھر آکر کورس کی کتابیں دیں۔ بچے کی اسکول فائل بھی مل گئی اور اس کا اندراج کرلیا گیا ہے۔ البحیرہ محکمہ تعلیم نے واقعے کی ذمے دار سکول پرنسپل کوعہدے سے ہٹا دیا اور بچے کو کورس کی کتابیں دینے سے انکار کرنے پر تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button