’اومیکرون‘ کا خوف نظر آنے لگا : تلنگانہ میں 10 جنوری تک ریلی اور بڑے اجتماعات پر پابندی عائد
حیدر آباد ، ۲؍ جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تلنگانہ حکومت نے ہفتہ کو ملک میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے پیش نظر 10 جنوری 2022 تک ریلیوں، عوامی اجتماعات اور بڑے پیمانے پر دیگر اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس حکم کے ذریعہ ریلیوں اور عوامی جلسوں پر پہلے کی پابندی میں توسیع کی گئی ہے، جسے ریاست میں 2 جنوری 2022 تک نافذ کیا گیا تھا۔
تلنگانہ حکومت کے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ملک کی کئی ریاستوں میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کو دیکھتے ہوئے وہ ریلیوں، مذہبی تقریبات اور عوامی جلسوں سمیت ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی لگانے کا حکم دے رہی ہے۔ حکومت نے لازمی طور پر ماسک کے استعمال پر زور دیا گیا ہے اور عوامی مقامات پر لوگوں کے ماسک نہ پہننے پر 1,000 روپے جرمانے کا حکم دیا۔
یہ حکم 10 جنوری 2022 تک نافذ العمل رہے گا۔آرڈر میں تھرمل اسکریننگ، ہاتھ کی صفائی، سماجی دوری، احاطے کی بار بار صفائی اور اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں کووڈ۔19 پروٹوکال کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ اس نے بزرگ شہریوں اور کووڈ-19 کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کرنے والوں کو بھی مشورہ دیا ہے۔
دریں اثنا تلنگانہ میں کووڈ۔19 کے کیسوں میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ،جس کے ساتھ ہفتہ کو 317 تازہ انفیکشن رپورٹ ہوئے جس سے ریاست بھر میں تعداد 6,82,215 ہوگئی، جب کہ دو مزید اموات کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 4,029 ہوگئی۔
ریاست میں اومیکرون قسم کے 12 نئے کیس بھی رپورٹ ہوئے، جس سے ریاست میں اومیکرون کی تعداد 79 ہوگئی،نئے ویرینٹ سے 27 افراد صحت یاب ہوئے، جس سے فعال کیسوں کی تعداد 52 ہوگئی ہے ۔



