علاج میں لاپرواہی کا معاملہ درج ہونے پر خاتون ڈاکٹر نے کی خودکشی: راجستھان پولیس
جے پور،30؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)راجستھان کے دوسہ ضلع کے لال سوت قصبے میں ایک خاتون ڈاکٹر نے مبینہ طور پر پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ پیر کو نجی اسپتال میں ایک حاملہ خاتون کی موت کے بعد خاتون ڈاکٹر کے خلاف علاج میں لاپرواہی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے منگل کو کہا کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد شاید ڈاکٹر نے گھبراہٹ میں یہ قدم اٹھایا۔پولیس کے مطابق دوسہ کے لال سوت قصبے میں ڈاکٹر ارچنا شرما کے نجی اسپتال میں منگل کو ایک حاملہ خاتون کی موت ہوگئی۔ لواحقین نے ڈاکٹر پر غفلت کا الزام لگاتے ہوئے اسپتال کے سامنے مظاہرہ کیا۔
پولیس نے لال سوٹ تھانے میں ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد معاملہ ٹھنڈا ہوگیا۔دوسہ کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس لال چند کیال نے کہاکہ علاج میں لاپرواہی کی وجہ سے حاملہ خاتون کی موت کا مقدمہ خاتون ڈاکٹر کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ آج دوپہر ڈاکٹر نے اپنے پرائیویٹ اسپتال کے اوپرواقع اپنی رہائش گاہ پر پھانسی لگا لی۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔



