بین ریاستی خبریں

کرناٹک کے اسکولوں میں طالبات نے امتحان چھوڑے-طالبات کاسوال،اچانک حجاب پرپابندی کی بات کہاں سے آگئی؟

شیموگہ15فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) کرناٹک کے اسکولوں میں حجاب پہننے کا معاملہ ابھی تک طے نہیں ہوا ہے۔ شیموگہ اور اڈپی کے اسکولوں میں، کچھ طالبات کو الگ الگ کمروں میں بیٹھنے کے لیے کہا گیا۔ انہوں نے حجاب پہنے بغیر امتحان دینے سے انکار کر دیا۔

دریں اثنا، کوڈاگو ضلع کے نیلی ہوڈیکیری میں واقع کرناٹک پبلک اسکول کی کچھ طالبات نے حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج کیا۔ اسکولوں کے باہر کھڑے والدین نے بتایا کہ اسکول انتظامیہ نے طالبات کو بغیر حجاب کے امتحان میں بیٹھنے کا بھی کہا ہے۔ کچھ طالبات نے امتحان چھوڑ دیا کیونکہ انہیں حجاب پہن کر اسکول کے احاطے میں داخل ہونے سے منع کیا گیا تھا۔

ایک طالبہ نے کہاہے کہ میں حجاب نہیں اتاروں گی۔ پہلے میں صرف حجاب پہن کر اسکول جاتی تھی۔ اسکول انتظامیہ نے ہم سے کہاہے کہ یا تو حجاب اتار دیں یا جگہ چھوڑ دیں۔ انہوں نے ہمیں حجاب پہن کر امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی۔ اسی دوران ایک اور طالبہ نے کہا کہ میں یہ اسکول اور اپنے امتحانات اس لیے چھوڑ رہی ہوں کیونکہ مجھے حجاب اتارنے کو کہا گیا تھا۔

طالبہ کے رشتہ داروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاہے کہ اسکول میں حجاب پر پابندی کے بعد میں اسے اسکول نہیں بھیج رہا ہوں۔ میں اسے دو دن کے لیے اسکول بھیج رہا تھا کیونکہ اسے دسویں جماعت کے امتحانات کی تیاری کرنی تھی، لیکن کچھ طالبات کو الگ کمرے میں بیٹھنے کے لیے کہا گیا کیونکہ اس نے حجاب اتارنے سے انکار کردیا۔ انھوں نے کہاہے کہ پہلے ایسا کچھ نہیں ہوتا تھا۔

اب تک ہمارے خاندان کے کئی افراد حجاب پہن کر اس اسکول میں پڑھ چکے ہیں۔ قوانین میں اچانک تبدیلی کیوں کی گئی؟ ساتھ ہی خاندان کے ایک فرد نے کہاہے کہ عدالت کے فیصلے کے بعد ہی میں اپنی بھانجی کو اسکول لاؤں گا۔ تعلیم ضروری ہے لیکن حجاب ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔

ایک اور والدین نے یہ بھی کہا کہ حجاب پہننے والی طالبات کو سکول میں الگ کمرے میں بیٹھنے کو کہا جا رہا ہے۔خاندان کے ایک رکن نے بتایاہے کہ اساتذہ نے طالبات سے کہا ہے کہ وہ اسکول میں حجاب نہ پہنیں۔ گزشتہ روز انہوں نے اس موضوع پر والدین سے ملاقات بھی کی۔ آج اسے الگ کمرے میں بیٹھنے کو کہا گیا ہے۔ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ یہ ایک بڑا مسئلہ کیوں ہے۔ طالبات کو تعلیم حاصل کرنے اور امتحان میں شرکت کرنے کا حق ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button