ممبئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ہندوتوا تنظیموں کی جانب سے ہندوستان کو ’ہندو راشٹر‘ بنانے کا مطالبہ تو لگاتار ہو ہی رہا ہے، ٹی وی سیریل ’شکتی مان‘ میں مرکزی کردار نبھانے والے مکیش کھنہ نے بھی اب اس تعلق سے آواز بلند کرنا شروع کر دی ہے۔ ہفتہ کے روز مکیش کھنہ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ملک کو ’ہندو راشٹر‘ قرار دے۔ اپنے ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے ’’ہندوستان میں رہ کر اپنے ملک کو انڈیا کہلوانا بہت ہو گیا۔ یہ تو اسی دن ہو جانا چاہیے تھا جس دن پاکستان بنا۔
حیرت انگیز ہے کہ جب جناح نے پاکستان کا مطالبہ رکھا اور بنا یا تب نہرو گروپ نے ہندوستان کیوں نہیں بنایا۔‘‘انہوں نے ایک ویڈیو کا لنک بھی ڈالا ہے جس میں جگت گرو اداکار مکیش کھنہ سے پوچھتے ہیں کہ ہندو راشٹر کے بارے میں آپ کے کیا خیالات ہیں؟ اس پر مکیش کھنہ کہتے ہیں کہ ’’ ہمارا ملک پہلے اکھنڈ تھا تو آج کیوں نہیں ہے؟‘‘ ساتھ ہی انھوں نے حکومت ہند سے اپیل کی کہ ملک کو جلد از جلد ہندو راشٹر قرار دیا جائے۔



