
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے سابق لیڈر شرجیل عثمانی کے خلاف دہلی پولیس نے مبینہ طور پر قابل اعتراض ٹویٹس کے سلسلے میںبی جے پی لیڈرکی شکایت پر مقدمہ درج کیاہے۔ اس سلسلے میں ایک سینئر عہدیدار نے بتایاہے کہ بی جے پی لیڈر کی شکایت پر تعزیرات ہند کی دفعہ 505 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
20 مئی کو مہاراشٹرا کے ضلع جالنا میں ، پولیس نے سابق طالب علم رہنما کے خلاف سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد پوسٹ کرنے پر مقدمہ درج کیا تھا۔ جالنا کے امباڈکے رہائشی اور ہندو جاگرن منچ سے وابستہ امباداس ابھورے نے الزام لگایا تھا کہ عثمانی نے ٹویٹر پر اپنی حالیہ پوسٹ میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے رام کے لیے متنازعہ زبان استعمال کی تھی۔
اس سال کے آغازمیں پونے پولیس نے عثمانی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153 (اے) (مذہب یا دیگر چیزوں کی بنیادپر مختلف گروہوں کے مابین دشمنی کو فروغ دینے) کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ یہ معاملہ 30 جنوری کوکانفرنس میں عثمانی کی تقریر سے متعلق ہے۔



