نئی دہلی ، 9 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) دہلی پولیس نے بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کے خلاف ایک ٹی وی بحث کے دوران پیغمبر اسلام ﷺکے بارے میں توہین آمیز تبصرہ کرنے پر ایف آئی آر درج کی ہے۔وہیں سوشل میڈیا پر مبینہ اشتعال انگیز پوسٹ ڈالنے اور غلط معلومات دینے کے خلاف 8 دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے ان لوگوں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں بی جے پی کے سابق ترجمان نوین جندل، صحافی صبا نقوی کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایف آئی آر میں پیس پارٹی کے چیف ترجمان شاداب چوہان، مولانا مفتی ندیم، عبدالرحمن، گلزار انصاری، انیل کمار مینا اور ہندو مہاسبھا کی عہدیدار پوجا شکون پانڈے کے نام بھی شامل ہیں۔
دہلی پولیس اب ان لوگوں کو پوچھ گچھ کے لیے نوٹس بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔دہلی پولیس کی جانب سے ان تمام افراد کے خلاف دشمنی پھیلانے، لوگوں کو بھڑکانے اور آپسی بھائی چارے میں دراڑ پیدا کرنے میں ملوث ہونے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔غور طلب ہے کہ بی جے پی پیغمبر اسلامؐ کے متعلق رکیک تبصرہ کرنے والی پارٹی کی ترجمان نوپور شرما کو پہلے ہی معطل کر چکی ہے،جبکہ نوین جندل کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔
ادھر معروف صحافی صبا نقوی پر الزام ہے کہ انہوں نے اس وقت مبینہ طور پر شیولنگ کا مذاق اڑاتے ہوئے ٹوئٹ کیا، جب ہندو گروپ دعویٰ کر رہے تھے کہ انہیں وارانسی میں گیان واپی مسجد کے احاطے سے ایک مبینہ طور پر شیولنگ ملا ہے۔ ان کے ٹوئٹ پر لوگوں نے اعتراض ظاہر کیا۔ صبا نقوی نے بعد میں ٹوئٹ ڈیلیٹ کر کے وضاحت جاری کی ہے۔خیال رہے کہ دہلی پولیس کو پیغمبر اسلام ؐکی شان میں گستاخی کرنے والے بی جے پی لیڈران کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔



