راہل گاندھی کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں نیتا جی سبھاش چندر بوس کی موت کی غلط تاریخ بتانے پر ایف آئی آر درج
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے مبینہ طور پر غلط تاریخ وفات بتائی
کولکاتہ ،27جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)23 جنوری کو نیتا جی سبھاش چندر بوس کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے مبینہ طور پر غلط تاریخ وفات بتائی ، جس کے بعد راہل گاندھی کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔یہ ایف آئی آر جنوبی کولکاتہ کے بھوانی پور تھانے میں درج کی گئی ہے۔ اس میں راہل گاندھی کے پوسٹ میں نیتا جی کی موت کی تاریخ کا ذکر کرنے کی شکایت کی گئی ہے۔یہ شکایت خود ساختہ ہندوتوا گروپ اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا نے کی ہے۔گروپ کے کارکنوں نے جنوبی کولکاتہ میں ایلگین روڈ پر نیتا جی کے آبائی گھر کے قریب بھی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے راہل گاندھی کی متنازعہ پوسٹ کے مواد کیخلاف اپنا احتجاج درج کرایا۔
آل انڈیا ہندو مہاسبھا کے ریاستی صدر چندرچوڑ گوسوامی نے کہا کہ راہل گاندھی اسی وراثت کو آگے بڑھا رہے ہیں جس نے پہلے نیتا جی کو کانگریس چھوڑنے اور بعد میں ملک چھوڑنے پر مجبور کیا تھا۔گوسوامی نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی اور ان کے خاندان نے ہمیشہ نیتا جی کی یادوں کو ہندوستان کے لوگوں کی یادوں سے مٹانے کی کوشش کی ہے اور اس بار بھی انہوں نے نیتا جی کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے لوگ انہیں اس جرم کی مبینہ سزا دیں گے اور ہم ہمیشہ نیتا جی کے بارے میں غلط معلومات دینے کی مخالفت کریں گے۔
یہ تنازع اس ہفتے کے شروع میں شروع ہوا، جب راہل گاندھی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں نیتا جی کی موت کی تاریخ 18 اگست 1945 بتائی۔ یہ وہی تاریخ تھی جب نیتا جی کا طیارہ تائیہوکو (اب تائی پے میں) میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ تاہم، نیتا جی کی موت کی صحیح تاریخ کی کبھی تصدیق نہیں ہو سکی اور ان کے لاپتہ ہونے کے بعد بنائے گئے کمیشنوں نے بھی اس کی تصدیق نہیں کی۔



