
نیویارک:(اردودنیا/ایجنسیاں)ٹرمپ دور حکومت میں وائٹ ہاؤس کے اندر جاری کشمکش اور خفیہ معلومات پر مبنی شہرت یافتہ کتاب فائر اینڈ فیوری کے مصنف، صحافی مائیکل وولف کی نئی کتاب لینڈ سلائیڈ، ٹرمپ کی دور صدارت کیاختتامی ایام جولائی کی 27 تاریخ کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ اس کتاب میں وولف، ٹرمپ کے چار سالہ دور اقتدار کے اختتام اور آخری چند ماہ میں وائٹ ہاؤس میں جاری افراتفری اور اضطراب کی کہانی بیان کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے پی سے بات کرتے ہوئے کتاب کے پبلشر ہینری ہولٹ کا کہنا تھا کہ نئی کتاب دنیا کے سب سے طاقتور آفس کی اندرونی صورت حال پر معلومات کا نیا خزانہ ثابت ہو گی۔ان کے مطابق اس کہانی کو بیان کرنے کے لئے مصنف مائیکل وولف کو وائٹ ہاؤس کے معاونین اور صدر ٹرمپ تک غیر معمولی رسائی حاصل تھی اور کتاب کے لئے مواد فراہم کرنے والوں میں خود سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں۔
یہ بات اس لئے دلچسپ ہے کہ سن 2018 میں صدر ٹرمپ نے مائیکل وولف کی پہلی کتاب فائر اینڈ فیوری کی مذمت کرتے ہوئے نہ صرف اسے جھوٹ کا پلندہ قرار دیا تھا بلکہ مائیکل وولف کی وائٹ ہاؤس تک کسی بھی قسم کی رسائی کی تردید بھی کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کتاب میں جن لوگوں کا بیانیہ شامل کیا گیا ہے ان کا سرے سے کوئی وجود ہی نہیں۔کتاب فائر اینڈ فیوری نے منظر عام آتے ہی سنسنی پھیلادی تھی۔
گو کہ نقادوں نے وولف کی رپورٹنگ کی تفصیلات پر کئی سوال اٹھائے تھے، لیکن وائٹ ہاؤس کی اندرونی بدانتظامیوں اور اس کے غیرمستقل مزاج اور بچکانہ ذہنیت کے حامل سربراہ کی کہانی خاصی مقبول ہوئی تھی۔صدر ٹرمپ کے وکیل نے فائر اینڈ فیوری کو رکوانے کے لئے کتاب کے پبلشر کو قانونی چارہ جوئی کی دھمکیاں بھی دی تھیں، مگر اس سے کتاب میں عوام کی دلچسپی اور زیادہ بڑھ گئی اور نتیجے کے طور پر اس کی 20 لاکھ سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوئیں۔
یہ کتاب ایک ایسی بیسٹ سیلر ثابت ہوئی کہ سابق صدر ٹرمپ پر لکھی گئی دو اور بیسٹ سیلر کتابیں باب ووڈورڈ کی فیئر یعنی خوف اور جان بولٹن کی دا روم ویئر اٹ ہیپنڈ یعنی وہ کمرہ جہاں یہ سب ہوا بھی اس کی فروخت متاثر نہ کر پائیں۔ٹرمپ انتظامیہ کے آخری مہینوں کے موضوع پر اور بھی کئی کتابیں تحریر کے مراحل سے گزر رہی ہیں۔ ان ہی میں ایک باب ووڈورڈ اور ان کے واشنگٹن پوسٹ کے ساتھی رابرٹ کوسٹا کی کتاب بھی شامل ہے۔



