امریکہ میں بچے میں برڈ فلو کے پہلے کیس کی تصدیق ہوگئی
امریکہ میں رواں سال برڈ فلو کے کیسز کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔
نیویارک، 24 نومبر (ایجنسیز) امریکہ میں بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے ادارے (سی ڈی سی) نے جمعے کو بچے کے ٹیسٹوں سے متعلق بتایا کہ بچے کو معمولی علامات تھیں اور اس کا علاج اینٹی وائرل ادویات سے کیا گیا تھا جس کے بعد بچہ اب صحت یاب ہو رہا ہے۔ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ بچہ المیڈا کاؤنٹی میں رہتا ہے اور ڈے کیئر جاتا ہے۔ حکام نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ حالیہ انفکشن کے بعد امریکہ میں رواں سال برڈ فلو کے کیسز کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔
ان کیسز میں سے کیلی فورنیا میں 29 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔متاثر ہونے والے زیادہ تر افراد فارم ورکرز تھے جنہیں معمولی علامات تھیں اور ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔واضح رہے کہ امریکہ میں گزشتہ چند برسوں سے H5N1 برڈ فلو جنگلی پرندوں، مرغیوں اور کئی دوسرے جانوروں میں بڑے پیمانے پر پھیل رہا ہے۔صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ثبوت نہیں ملے کہ یہ وائرس ایک شخص سے دوسرے کے درمیان پھیلتا ہے۔امریکہ میں مارچ میں مویشیوں میں فرڈ فلو کے پھیلنے کا آغاز ہوا تھا جس کے بعد کیلی فورنیا اس کا مرکز بن گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ یہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ بچہ برڈ فلو سے کس طرح متاثر ہوا ہے۔کیلی فورنیا کے صحت حکام نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ بچے کے ممکنہ طور پر جنگلی پرندوں سے رابطے کو بھی دیکھ رہے ہیں۔دوسری جانب ایسا ثبوت نہیں ملا ہے کہ برڈ فلو بچے سے دیگر لوگوں میں پھیلا ہے۔ متاثرہ بچے کے گھر کے لوگوں میں بھی اسی طرح علامات تھیں۔ لیکن ان کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔



