راجستھان کیلئے پہلی وندے بھارت ٹرین ، پی ایم مودی نے دکھائی ہری جھنڈی
دہلی اجمیر وندے بھارت ایکسپریس جے پور کے راستے جائے گی
نئی دہلی ،12؍اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) راجستھان انتخابات سے پہلے ریاست کی پہلی اور ملک کی 15ویں وندے بھارت ایکسپریس ٹرین چلنے جا رہی ہے۔پی ایم مودی نے اس وندے بھارت ایکسپریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ دہلی اجمیر وندے بھارت ایکسپریس جے پور کے راستے جائے گی۔ ریلوے کا کہنا ہے کہ دہلی-جے پور روٹ کے لیے وندے بھارت ایکسپریس میں کچھ تبدیلیاں کی جانی ہیں۔ اس روٹ پر ڈبل ڈیکر ٹرینیں چلتی ہیں۔ اس راستے پر بجلی کے تاروں کی اونچائی زیادہ ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت کو ایک ساتھ دیکھا گیا۔ جے پور میں منعقد ہونے والے پروگرام میں سی ایم گہلوت موجود تھے، جب کہ پی ایم مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے دہلی سے جڑے ہوئے تھے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران اشوک گہلوت پر بھی طنز کیا۔
پی ایم مودی نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، وہ سیاسی بحران سے گزر رہے ہیں اور سیاسی بحران کے باوجود انہوں نے اس پروگرام کے لیے وقت نکالا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اشوک گہلوت کے دونوں ہاتھوں میں لڈو ہیں۔ ریلوے کے وزیر اور ریلوے بورڈ کے چیئرمین دونوں کا تعلق راجستھان سے ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ راجستھان کی زمین کو آج پہلی وندے بھارت ٹرین مل رہی ہے۔ دہلی کینٹ اجمیر وندے بھارت ایکسپریس سے جے پور سے دہلی کا سفر کرنا آسان ہوگا۔ یہ راجستھان کی سیاحت میں بھی بہت مددگار ثابت ہوگا۔ وندے بھارت ایکسپریس سے راجستھان کی سیاحت کی صنعت کو بہت فائدہ ہوگا۔ پچھلے دو مہینوں میں یہ چھٹا وندے بھارت ہے جسے جھنڈا دکھانے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ جب سے یہ جدید ٹرینیں شروع ہوئی ہیں، تقریباً 60 لاکھ لوگوں نے ان میں سفر کیا ہے۔ ان کی سب سے بڑی خصوصیت ان کی تیز رفتاری ہے۔ اس سے مسافروں کے وقت کی بچت ہوتی ہے۔



