یوپی حکومت کی درخواست کے بعد مختار انصاری کے تحفظ کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ملتوی
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن)باہوبلی ایم ایل اے مختار انصاری کے تحفظ کے لئے درخواست پر سماعت ملتوی کردی گئی ہے۔ یوپی حکومت کی درخواست پر سپریم کورٹ نے سماعت ملتوی کردی۔ حکومت کی جانب سے بتایا کہ سرکاری وکلاء تبدیل ہوگئے ہیں اور وکالت نامہ داخل نہیں کیا گیا ہے۔ لہٰذا دو ہفتوں کے لئے سماعت ملتوی کردی جانی چاہئے۔ جسٹس اشوک بھوشن اور آر سبھاش ریڈی کی بنچ نے سماعت کی۔ درخواست میں مختار انصاری کے جان کی سلامتی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
در اصل باہوبلی رہنما مختار انصاری کی اہلیہ منگل کو سپریم کورٹ گئی تھیں۔ انہوں نے عدالت سے مختار انصاری کی حفاظت کو یقینی بنانے کی درخواست کی تھی۔ اس بارے میں انہوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں مختار کی اہلیہ افشا انصاری نے اترپردیش کی بانڈہ جیل منتقلی کے دوران اور عدالت میں پیشی سمیت دیگر مواقع پر شوہر مختار انصاری کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



