نیویارک، 26اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکی سابق کِک باکسر اور انٹرنیٹ کی دنیا کی متنازع شخصیت اینڈریو ٹیٹ Andrew Tate نے سوشل میڈیا پر اسلام قبول کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔اینڈریو ٹیٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’گیٹر‘ پر اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔اینڈریو ٹیٹ نے رواں ہفتے کے آغاز، 24 اکتوبر کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پرایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں وہ مسجد میں نماز ادا کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔35 سالہ اینڈریو ٹیٹ کا اپنی اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھنا تھا کہ ا للہ کی محبت، دل کی طاقت، دل کا رزق اور دل کا نور ہے۔اینڈریو ٹیٹ کا اپنے حالیہ بیان میں اسلام قبول کرنے سے متعلق کہنا تھا کہ میں مسلمان ہوں اور کوئی بھی عیسائی جو اچھائی پر یقین رکھتا ہے اور برائی کیخلاف حقیقی جنگ کو سمجھتا ہے اِسے بھی مذہب تبدیل کر لینا چاہیے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی سابق کِک باکسر اینڈریو ٹیٹ نے اسلام کو دنیا کا آخری اور سچا مذہب قرار دیا تھا اور اب انہوں نے نماز پڑھتے ہوئے اسلام قبول کرنے کی خبر کی تصدیق کر دی ہے۔سابق کِک باکسر اینڈریو ٹیٹ کا کہنا ہے کہ خواتین کو صرف گھر تک محدود رہنا چاہیے، خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت بھی نہیں ہونی چاہیے۔اینڈریو ٹیٹ کے مطابق خواتین مرد کی ملکیت ہیں۔اینڈریو کا خیال ہے کہ عصمت دری کا شکار ہونے والی 18 سے 19 سالہ خواتین کو اپنے اوپر ہونے والے زیادتی کے حملے کی ذمہ داری کو قبول کرنا چاہیے۔
اینڈریو کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں وہ خود کو ایک پلے بوائے (بگڑے ہوئے مرد) کی طرح بھی پیش کر چکے ہیں۔اینڈریو کی اِن ویڈیوز میں جدید کاروں، بندوقوں کے ساتھ تصویریں بنوانے سمیت سگار سلگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔واضح رہے کہ اینڈریو ٹیٹ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو آج کل پابندی کا سامنا ہے، اُن کا صرف ٹوئٹر اکاؤنٹ متحرک ہے۔



