وسندھرا راجے دہلی میں، نڈا سے ملاقات کا امکان، سی ایم پر تذبذب برقرار
بی جے پی نے راجستھان میں کامیابی حاصل کر لی ہے
نئی دہلی ،7دسمبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) بی جے پی نے راجستھان میں کامیابی حاصل کر لی ہے، لیکن پارٹی نے ابھی تک وزیر اعلیٰ کے لیے راستہ صاف نہیں کیا ہے۔سی ایم کے عہدے کے لیے وسندھرا راجے، بابا بالکناتھ سمیت کئی نام میڈیا کی سرخیوں میں زیر بحث ہیں۔ اس دوران بی جے پی کی سینئر لیڈر اور سابق سی ایم وسندھرا راجے بدھ کی رات نئی دہلی پہنچ گئیں۔ ذرائع کے مطابق وسندھرا راجے نے بی جے پی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کا وقت مانگا ہے ۔تاہم ایئرپورٹ سے نکلتے وقت وسندھرا نے دہلی کے سفر کو خاندانی سفر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بہو سے ملنے آئی تھیں۔
راجستھان کی سابق سی ایم وسندھرا راجے نے بدھ کی شام دیر گئے ایک بڑا بیان دیا۔ وسندھرا نے کہا کہ وہ پارٹی لائن سے باہر نہیں جائیں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وسندھرا نے ایم ایل ایز سے ملاقات کے بعد بی جے پی ہائی کمان سے بات کی۔ اس میں انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کی ڈسپلن ورکر ہیں اور کبھی پارٹی لائن سے باہر نہیں جا سکتیں۔
اس سے قبل وسندھرا راجے کو طاقت دکھانے کے موڈ میں دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے عشائیہ پر 20 سے زیادہ ایم ایل اے سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وسندھرا کیمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں 68 ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ کچھ آزاد امیدواروں کا بھی ان کے ساتھ ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔راجستھان میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کی دوڑ میں بی جے پی کے کئی چہرے ہیں۔ وسندھرا راجے کے علاوہ اس میں پہلا نام بالک ناتھ کا ہے۔ جو تجارہ سے اسمبلی میں پہنچے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرا نام جے پور کے شاہی خاندان کی شہزادی دیا کماری کا ہے۔ یہ دونوں لوک سبھا کے ممبر بھی ہیں۔
پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو تین ریاستوں میں کامیابی ملی ہے۔ اس میں راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ شامل ہیں۔ پانچوں ریاستوں میں پارٹی نے وزیراعلیٰ کے چہرے کے بغیر الیکشن لڑا۔ ایسے میں بی جے پی ہائی کمان میں اس بات کو لے کر غور و فکر جاری ہے کہ وزیر اعلیٰ کون ہوگا۔ بدھ کو وزیراعظم کی رہائش گاہ پر تقریباً چار گھنٹے تک اس حوالے سے میٹنگ ہوئی۔ جمعرات کو بھی وزیر داخلہ امت شاہ پی ایم کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔ یہ ملاقات کا دوسرا دور تھا۔ مانا جا رہا ہے کہ اس میں تینوں ریاستوں کے سی ایم امیدواروں کے ناموں پر بات ہوئی ہے۔



