قومی خبریں

دہلی کے سابق لیفٹیننٹ نجیب جنگ کا ’مشورہ‘: ملکی سالمیت کیلئے گیان واپی اور شاہی عیدگاہ مسجد ہندؤ ں کو سونپ دی جانی چاہئے

نئی دہلی ،7جون :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی کے سابق ایل جی نجیب جنگ نے مسلمانوں کو ایک عجیب وغریب مشورہ دے ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر گیان واپی مسجد یا متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد دینے سے ملک میں پیدا مسئلہ حل ہو سکتا ہے، تو انہیں دے دینا’ مناسب‘ ہے۔ میں اس بات سے متفق ہوں کہ اگر 10 مسجدیں دینا پڑ جائیں تو دے دینا چاہئے مگر ملک کی سلامت رہنا چاہئے۔بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے پیغمبر اسلامؐ کیخلاف نازیبا بیانات پر اسلامی ممالک احتجاج درج کرا رہے ہیں۔

تاحال، قطر، سعودی عرب، ایران، کویت، بحرین اور پاکستان سمیت متعدد اسلامی ممالک اہانت رسول پر مذمت کر چکے ہیں۔بی جے پی نے اپنے دونوں رہنماؤں نوپور شرما اورجندل کے خلاف سخت کارروائی کی ہے اور دونوں ہی رہنما اپنے بیانات واپس لے چکے ہیں۔ وہیں اس معاملہ میں دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ نے رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر متھرا اور گیان واپی مسجد دینے سے (ہندوؤں کو) مسئلہ حل ہو سکتا ہے تو ایسا کرنا صحیح ہے۔نجیب جنگ نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ملک کے لئے شرمناک ہے۔ ہمارے مشرق وسطی سے کافی گہرے تعلقات ہیں۔

ان ممالک نے وزیر اعظم نریندر مودی نے کئی دورے کر کے ملک کی شبیہ کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے، تاکہ وہاں یہ احساس نہ ہو کہ ہندوستان ان ممالک سے علیحدہ ہے۔ اب جو کچھ ہوا ہے اس سے یہ پیغام گیا ہے کہ ملک جو راستہ اختیار کر رہا ہے وہ مناسب نہیں ہے۔ اس سے ملک کی شبیہ متاثر ہوئی ہے۔نجیب جنگ نے کہا کہ بی جے پی نے صحیح کیا جو اپنے ترجمان کو برطرف کر دیا، ان کے بیانات بچکانے تھے۔ کسی بھی باشعور معاشرہ میں ان الفاظ کا استعمال نہیں کیا جاتا۔ اس سے لوگوں کو سبق ملے گا۔ یہ بردبار ملک ہے۔نجیب جنگ نے کہا کہ ہندوستان تبھی ترقی کرے گا، جب ہم مل کر ساتھ چلیں گے۔ محبت کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button