کیرالہ :سابق وزیراعلیٰ وی ایس اچوتھانندن دل کا دورہ پڑنے سے 101 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
کمیونسٹ سیاست کا عہد ختم
ترواننت پورم/پیر 21 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کیرالہ کے سابق وزیراعلیٰ اور سینئر ترین کمیونسٹ رہنما وی ایس اچوتھانندن 101 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ دل کا دورہ پڑنے کے بعد ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ پارٹی نے اپنے بیان میں کہا،”ہم ساتھی وی ایس اچوتھانندن کو سلام پیش کرتے ہیں – وہ کیرالہ کی ترقی پسند جدوجہد کے معمار، بے آوازوں کی آواز، اور مزدور طبقے کے لیے زندگی بھر لڑنے والے تھے۔”پارٹی نے مزید کہا،”ریڈ سلام ساتھی وی ایس اچوتھانندن کو! اُن کی جدوجہد بھری زندگی اور عوامی خدمت کا جذبہ ہمیشہ تحریک کا مشعل راہ بنی رہے گی۔
"وی ایس اچوتھانندن، جن کا مکمل نام ویلیکاکاتھو شنکرن اچوتھانندن تھا، 2006 سے 2011 تک کیرالہ کے وزیراعلیٰ رہے۔ وہ کیرالہ اسمبلی میں طویل عرصے تک قائد حزب اختلاف رہے اور یہ اعزاز اُنہیں پندرہ برسوں تک حاصل رہا۔
کمیونسٹ تحریک کے ستونوی ایس اچوتھانندن سی پی ایم کے بانی اراکین میں شامل تھے۔ انہوں نے 1980 سے 1992 تک سی پی ایم کی کیرالہ اسٹیٹ کمیٹی کے سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ 1996 سے 2000 کے دوران وہ بایاں محاذ (LDF) کے کنوینر بھی رہے۔انہوں نے تین مختلف ادوار (1992-1996، 2001-2006، اور 2011-2016) میں قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے کیرالہ اسمبلی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وی ایس اچوتھانندن نہ صرف ایک سیاسی رہنما تھے بلکہ وہ عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کی علامت تھے۔ ان کی سادگی، اصول پسندی، اور کرپشن کے خلاف سخت موقف نے انہیں عوامی مقبولیت دلائی۔ ان کی زندگی عوامی خدمت، کمیونسٹ نظریات، اور سماجی انصاف کے لیے وقف رہی۔



