بھاجپا سے بھگدڑ جاری : آگرہ : ایم ایل اے جتیندر ورما بھاجپاسے استعفیٰ دے کر سماجوادی میں شامل
آگرہ ، 23جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی اسمبلی الیکشن 2022 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے سیاسی ہلچل تیز ہے۔ اس تناظر میں آگرہ کے فتح آباد اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے جتیندر ورما نے بی جے پی چھوڑ دیا ہے۔ ایم ایل اے جتیندر ورما کا ٹکٹ کٹنے کے بعد وہ اتوار کو سائیکل پر سوار ہوگئے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سواتنتر دیو کو اپنا استعفیٰ بھیجنے کے بعدوہ لکھنؤ میں ایس پی میں شامل ہو ئے، انہیں ضلع صدر بنایا گیا ہے۔
ایس پی کے موجودہ ضلع صدر مدھوسودن شرما ’باہ‘ اسمبلی سیٹ سے ایس پی امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں۔کئی دنوں سے قیاس آرائی تھی کہ جتیندر ورما بی جے پی چھوڑ دیں گے۔ بی جے پی نے ان کا ٹکٹ کاٹ کر بی ایس پی کے سابق ایم ایل اے چھوٹے لال ورما کو اس سیٹ سے اپنا امیدوار منتخب کیا ہے۔
سبکدوش ہونے والے ضلع صدر مدھوسودن شرما نے ایم ایل اے جتیندر ورما کو ایس پی میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں ضلع صدر بنانے کی اطلاع دی ۔ خیال رہے کہ اتر پردیش میں 7 مرحلوں میں انتخابات ہوں گے۔ یوپی میں ان مراحل کے تحت 10 فروری، 14 فروری، 20 فروری، 23 فروری، 27 فروری، 3 مارچ اور 7 مارچ کو ووٹنگ ہوگی۔ انتخابات کے نتائج 10 مارچ کو آئیں گے۔



