
کولکاتہ18ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سابق مرکزی وزیر بابل سپریو Babul Supriyo نے بی جے پی کو بڑا دھچکا دیا ہے۔بابل سپریو نے ہفتہ کو ٹی ایم سی کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ڈیریک او برائن کی موجودگی میں ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ بابل سپریو کو حال ہی میں مرکزی کابینہ میں ردوبدل کے دوران عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
سپریو بنگال کی آسنسول سیٹ سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ سپریو ایسے وقت میں ترنمول میں شامل ہوئے ہیں جب مغربی بنگال کی بھوانی پور سیٹ سے اسمبلی ضمنی انتخابات ہورہے ہیں ، جہاں سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی خود امیدوار ہیں۔بابل سپریو کو تقریباََ دو ماہ قبل وزیر مملکت برائے ماحولیات کے عہدے سے مستعفی ہونے کے لیے کہا گیا تھا۔
تاہم بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ نے مرکزی وزیر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد کہا تھا کہ وہ کسی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے اور سیاست چھوڑ دیں گے۔ بعد میں انہوں نے رکن پارلیمنٹ سے استعفیٰ دے دیاتھا۔



