بین الاقوامی خبریںسرورق

جہاز گرنے کے دو ہفتے بعد لاپتہ چار بچے ایمیزون سے زندہ دریافت

فوجی اہلکاروں نے کافی مشکلات کے بعد بچوں کو تلاش کیا۔

لندن ،18مئی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)دو ہفتے قبل کولمبیا میں کریش ہونے والے جہاز میں سوار چار بچے ایمازون کے جنگل Amazon forests سے زندہ مل گئے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بچے ملنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے ’ملک کے لیے خوشی کا موقع‘ قرار دیا۔انہوں نے لکھا کہ فوجی اہلکاروں نے کافی مشکلات کے بعد بچوں کو تلاش کیا۔جہاز کریش ہونے کے بعد حکام کی جانب سے 100 سے زائد فوجی اہلکاروں کو تلاش کے کام پر لگایا گیا تھا جن کو سراغ رساں کتوں کی مدد بھی حاصل تھی۔یہ چھوٹے بچے اس جہاز میں سوار تھے جو یکم مئی کو گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ بچے لاپتہ تھے۔

ریسکیو اہلکاروں کو یقین تھا کہ بچے زندہ ہیں۔ ان کی عمریں چار، 9 اور 13 برس ہیں جبکہ ایک 11 ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بچے جنگل کے جنوبی حصے کیکویٹا میں ادھر اُدھر پھر رہے تھے۔بدھ کو اس سے قبل فوجی حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جنوبی حصے میں انہیں شاخوں سے بنائی گئی ایک عارضی پناہ گاہ ملی جس کے بعد انہیں یقین ہو گیا تھا کہ بچے کہیں قریب ہی ہیں اور تلاش کا کام تیز کر دیا گیا تھا۔

فوجی حکام کی جانب سے جاری کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا تھا کہ شاخوں سے بنائی گئی پناہ گاہ میں ایک قینچی اور بالوں کو باندھنے والی پونی پڑی تھی۔اس سے قبل بچے کے دودھ کی بوتل اور پھل کا ایسا ٹکڑا بھی ملا تھا جس کو آدھا کھایا گیا تھا۔منگل کو جہاز کے کپتان اور دیگر دو افراد کی لاشیں ملی تھیں۔ جہاز ایمازون کے قریبی علاقے سان جوزڈیل گواویئر سے اڑا تھا جو کہ کولمبیا کا ایک بڑا شہر ہے اور جنگل کے قریب واقع ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button