گمراہ کن دعووں پر ریڈ بل، پیپسی اور دیگر انرجی ڈرنک کمپنیوں کے خلاف FSSAI کی کارروائی
ریڈ بل، پیپسی اور کیمپا سمیت کئی 'انرجی ڈرنک' برانڈز کو نوٹس جاری
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (FSSAI) نے ملک کی کئی مشہور مشروبات کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ریڈ بل، پیپسی کو انڈیا، کیمپا، مونسٹر اور دیگر برانڈز کو ‘انرجی ڈرنک’ کی اصطلاح استعمال کرنے اور مبینہ طور پر گمراہ کن دعوے کرنے پر نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
FSSAI کے مطابق موجودہ فوڈ سیفٹی قوانین کے تحت ‘انرجی ڈرنک’ کے لیے کوئی مخصوص معیار یا قانونی تعریف موجود نہیں ہے، اس لیے ایسی مصنوعات کی لیبلنگ اور تشہیر میں اس اصطلاح کا استعمال ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتا ہے۔
ریگولیٹر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ریڈ بل انرجی ڈرنک، ہیل انرجی، کیمپا انرجی ڈرنک، مونسٹر انرجی، پیپسی کو انڈیا کے ایڈرینالین رش اور اسٹنگ سمیت کئی مصنوعات کے خلاف غلط برانڈنگ اور قانون کی خلاف ورزی کے الزامات پر نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
FSSAI نے واضح کیا کہ فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈز ایکٹ 2006 اور فوڈ پروڈکٹس اسٹینڈرڈز اینڈ فوڈ ایڈیٹیوز ریگولیشنز 2011 کے تحت ایسی مصنوعات کو توانائی بڑھانے، دماغ کو متحرک کرنے، جسم و ذہن کو تروتازہ کرنے یا عام کمزوری دور کرنے جیسے علاج یا صحت سے متعلق دعوے کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خوراک اور مشروبات کے شعبے میں گمراہ کن تشہیر اور غلط برانڈنگ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو درست معلومات فراہم کی جا سکیں اور تمام فوڈ بزنس آپریٹرز قوانین کی مکمل پابندی کریں۔
اس سے قبل جون کے آغاز میں بھی FSSAI نے کئی فوڈ کمپنیوں کو گمراہ کن برانڈنگ، لیبلنگ اور صارفین کی شکایات سے متعلق خلاف ورزیوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت دی تھی



