سعودی عرب میں فیوچر انوسٹمنٹ انیشیٹیو سمٹ، عالمی شخصیات شرکت کریں گی
ریاض ،29اکتوبر (ایجنسیز )
سعودی عرب میں فیوچر انوسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ کا آغاز منگل سے ہو رہا ہے جو31 اکتوبر 2024 تک ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں جاری رہے گی۔وزیراعظم شہباز شریف کانفرنس میں شرکت کے لیے منگل سے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔ متعدد عالمی شخصیات بھی شرکت کررہی ہیں۔
پیرکو پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم وزرا بھی ہوں گے۔فیوچر انوسٹمنٹ انیشیٹو(ایف آئی آئی) ممالک کے لیے اپنی معاشی طاقت کو ظاہر کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ایک پائیدار مستقبل کی تشکیل کے لیے مکالمے میں مشغول ہونے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔
لامحدود افق: آج کی سرمایہ کاری، کل کی تشکیل کے موضوع کے تحت کانفرنس میں اس بات پر تبادلہ خیال کی جائے گا کہ سرمایہ کاری کس طرح ایک خوشحال اور پائیدار مستقبل کیلیے اثر انداز ہونے کیلیے کام کرسکتی ہے۔ کانفرنس کا مقصد مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، تعلیم، توانائی، سپیس، مالیات، صحت کی دیکھ بھال اور پائیداری جیسے اہم مسائل کو حل کرنا ہے۔ایجنڈے میں مصنوعی ذہانت اور نئی ٹیکنالوجیز سرِفہرست ہیں۔ کانفرنس کے دوران 28 ارب ڈالر کے معاہدے متوقع ہیں۔
کانفرنس کے لیے دنیا بھر سے 7 ہزار 100 شرکا رجسٹرڈ ہیں۔ یہ تعداد پچھلے برس کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ 500 سے زیادہ سپیکرز ہیں جبکہ 200 سے زیادہ سیشنز اور ڈائیلاگ فورم ہوں گے۔ کانفرنس کے شرکا میں سے 30 فیصد کا تعلق امریکہ سے ہے، 20 فیصد کا یورپ سے جبکہ 20 فیصد ایشیا کی نمائندگی کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق فیوچر انوسٹمنٹ انیشی ایٹو فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ اٹیس کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ ٹیکنالوجی انڈسٹری بشمول آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے وابستہ زیادہ سے زیادہ افراد شریک ہو رہے ہیں کیونکہ اب ہر طرف آرٹی فیشل انٹیلی جنس ہے اور یہی تمام صنعتوں اور شعبوں پر اثرانداز ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا میزبان ملک کے طور پر انتخاب ایف آئی آئی کی کامیابی کی اہم وجہ ہے۔