سرورققومی خبریں

جی -20اجلاس:دہلی میں تین دن کون کون سے میٹرو اسٹیشن رہیں گے بند؟جانیں

جی 20 چوٹی کانفرنس اگلے ماہ 8 سے 10 تک دہلی میں ہونے جا رہی ہے

نئی دہلی،29اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)جی 20 چوٹی کانفرنس اگلے ماہ 8 سے 10 تک دہلی میں ہونے جا رہی ہے۔ دہلی پولیس اس سلسلے میں فل پروف تیاریوں میں مصروف ہے۔ سڑک، میٹرو، بس اور دیگر گاڑیوں کی آمدورفت کیسے ممکن ہو پائے گی، اس کے لئے مکمل روڈ میپ تیار کر لیا گیا ہے۔دہلی صرف اس روڈ میپ کی بنیاد پر آگے بڑھے گا۔ حالانکہ دہلی حکومت نے پہلے ہی اپنے ماتحت اسکولوں کے لئے چھٹی کا اعلان کر رکھا ہے۔ تاکہ سڑک پر زیادہ بھیڑ نہ ہو۔ مرکزی حکومت کے دفاتر میں بھی چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ایسے میں دہلی پولیس دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کے ساتھ تال میل بنا کر دہلی میٹرو کی نقل و حرکت کے حوالے سے کچھ منصوبے تیار کر رہی ہے۔دہلی پولیس کی طرف سے کچھ منتخب میٹرو اسٹیشنوں پر لوگوں کے داخل ہونے اور باہر نکلنے کے سلسلے میں کی جانے والی تبدیلیوں پر ایک منصوبہ بنایا جا رہا ہے، جس پر جلد ہی کوئی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ یہ سب کچھ غیر ملکی مہمانوں کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔ ابھی تک ڈی ایم آر سی کی طرف سے اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ کن اسٹیشنوں کو کب تک بند رکھا جائے گا اور نہ ہی ڈی ایم آر سی کو اس سلسلے میں دہلی پولیس سے کوئی ہدایت موصول ہوئی ہے۔ تاہم منتخب اسٹیشنوں کے حوالے سے وی وی آئی پی قافلہ کے کچھ وقت تک گزرنے کو لے کر بند کئے جانے بات کی جارہی ہے۔معلومات کے مطابق دہلی پولیس کی جانب سے جی 20 کانفرنس کے دوران دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) سے کچھ منتخب میٹرو اسٹیشنوں کو 8 سے 10 ستمبر تک کچھ وقت کے لئے بند کرنے کی اپیل کرنے کی خبر سامنے آرہی ہے۔

یہ صرف وی وی آئی پی قافلہ کی نقل و حرکت کے دوران ہوگا۔ ان اسٹیشنوں میں دہلی ایئرپورٹ اسٹیشن، پرگتی میدان، راجیو چوک، سردار پٹیل مارگ، خان مارکیٹ اسٹیشن وغیرہ کا ذکر کیا جارہا ہے۔تاہم جب اس سلسلے میں گردش کررہی خبروں اور بحث پر میٹرو حکام سے حقیقت جاننے کی کوشش کی گئی، تو انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس یا دیگر سیکورٹی ایجنسیوں وغیرہ کی جانب سے ابھی تک ایسی کوئی تجویز یا ہدایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ اگر ایسی کوئی ہدایت ملتی ہے تو اس پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا۔

دوسری جانب دہلی ٹریفک پولیس نے نئی دہلی کے علاقے میں مختلف پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اس کے تحت 7 ستمبر کی رات سے ٹریفک سمیت کئی طرح کی پابندیاں شروع ہو جائیں گی۔ مجموعی طور پر 8، 9 اور 10 ستمبر کو نئی دہلی کے علاقے میں منی لاک ڈاؤن جیسی صورتحال رہے گی۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ دہلی پولیس منتخب میٹرو اسٹیشنوں کو بند کرنے کے سلسلے میں دہلی میٹرو کو خط لکھنے کی تیاری کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button