امریکی صدر جو بائیڈن کل ہنددستان آئیں گے
امریکی صدر جو بائیڈن آج یعنی 8 ستمبر کو 3 روزہ دورے پر ہندوستان آ رہے ہیں۔
نئی دہلی، 7ستمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) امریکی صدر جو بائیڈن آج یعنی 8 ستمبر کو 3 روزہ دورے پر ہندوستان آ رہے ہیں۔ صدر بننے کے بعد یہ ان کا ہندوستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ وہ شام کو ایئر فورس-1 کے ذریعے دہلی پہنچیں گے۔ پی ایم مودی بھی ان کا استقبال کر سکتے ہیں۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے بتایا تھا کہ وہ 7 ستمبر سے دہلی کے دورے پر ہوں گے۔اب وائٹ ہاؤس نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکا سے جرمنی کے شہر رامسٹین جائیں گے۔ وہاں سے ہندوستان آئیں گے۔ اس کے بعد وہ 9-10 ستمبر کو ہونے والے G-20 سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ بائیڈن کو دہلی کے آئی ٹی سی موریا ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا۔ امریکہ کی سیکرٹ سروس کی ٹیم 3 دن پہلے بائیڈن کی سکیورٹی کے لیے ہندوستان پہنچی ہے۔
بائیڈن سیکرٹ سروس کے 300 کمانڈوز کی حفاظت میں ہوں گے۔ دہلی کی سڑکوں پر جو سب سے بڑا قافلہ نکلے گا وہ بھی ان کا ہوگا جس میں 55-60 گاڑیاں ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی میڈیا رپورٹس کے مطابق بائیڈن کے لیے دنیا کی محفوظ ترین کار دی بیسٹ بھی ہندوستان لائی جا رہی ہے۔ اس گاڑی میں بیٹھ کر وہ G-20 سربراہی اجلاس کے لیے جائیں گے۔ امریکہ جو کبھی پاکستان کا حامی تھا، گزشتہ کچھ عرصے سے ہندوستان کو مسلسل اپنا دوست کہہ رہا ہے۔ وہیں ہندوستان امریکہ کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ بڑھانے پر بھی توجہ دے رہا ہے۔



