بین الاقوامی خبریںسرورق

امریکی ٹریول بلاگر جوڑے کی سیاحتی مہم کے دوران پراسرار ہلاکت

نیویارک ، 23اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکہ کے اندرونی علاقوں میں سفری مہم کے دوران لاپتہ ہونے والی نوجوان بلاگر کے والدین تفتیشی اداروں سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ ان کی ہلاکت کی وجوہات کے بارے میں بتایا جائے۔جمعے کے روز لانڈری خاندان کے وکیل سٹیو برٹولینو نے امریکی نیوز چینل اے بی سی کے ایک شو گڈمارننگ امریکہ میں بتایا کہ انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امید دلائی ہے کہ اس سلسلے میں جلد ہی معلومات فراہم کی جائیں گی۔

ایف بی آئی نے  فلوریڈا کے ایک علاقے میں ملنے والی جزوی انسانی باقیات کے بارے میں تصدیق کی کہ ان کا تعلق لاپتہ ہونے والے بلاگر برائن لانڈری سے ہے۔ فلوریڈا کے ولڈر نس پارک سے ملنے والی ایک نوٹ بک اور بیگ کے متعلق بھی یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ دونوں چیزیں بھی برائن لانڈری کی ہیں۔

ایف بی آئی کے بیان میں لانڈری کی ہلاکت کی وجہ نہیں بتائی گئی اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ اس کی نعش کتنے عرصے تک پانی میں پڑی رہی۔جب کہ اس سے قبل انکی گرل فرینڈ اور سیاحتی مہم میں شریک گیبی پیٹیٹو کی نعش ریاست وایومنگ کے گرینڈ ٹیٹن نیشنل پارک سے 19 ستمبر کو ملی تھی، جہاں یہ جوڑا تفریح کی غرض سے گیا تھا۔

ایف بی آئی نے کہا کہ فلوریڈا کے ایک بیابان کے علاقے میں پائے جانے والے جزوی انسانی باقیات کی شناخت دانتوں کے ریکارڈ کے ذریعے کی گئی ہے۔ ان کا تعلق برائن لانڈری سے ہے۔ لانڈری مقتول ٹریول بلاگر گیبی پیٹیٹو کا بوائے فرینڈ تھا۔یہ باقیات بدھ کے روز دلدلی علاقے کارلٹن ریزرو سے ملی تھیں جو لانڈری کے والدین کے گھر سے زیادہ دور نہیں ہیں۔

پولیس اور ایف بی آئی ایجنٹس برائن لانڈری کو ستمبر کے وسط سے اہل خانہ کی جانب سے اس کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرائے جانے کے بعد سے وہاں تلاش کر رہے تھے۔ جس جگہ سے لانڈری کی باقیات اور بیگ ملا ہے یہ علاقہ تلاش کی پہلی کاروائیوں کے دوران زیر آب تھا۔

گیبی پیٹیٹو کے لاپتہ ہونے کے بعد سے تفتیشی اداروں کی توجہ لانڈری پر مرکوز ہو گئی تھی، مگر اس پر ارتکاب قتل کا الزام عائد نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم وایومنگ میں ایک وفاقی عدالت کی گرینڈ جیوری نے 23 ستمبر کو ان پر پیٹیٹو کے بینک ڈیبٹ کارڈ کو دھوکہ دہی سے استعمال کرنے کا الزام لگایا تھا۔

پیٹیٹو اگست کے آخر میں اس وقت لاپتہ ہو گئی تھی جب وہ لانڈری کے ساتھ اپنے بلاگ کے لیے امریکہ کے اندورنی علاقوں کا سفر کر رہی تھی، جسے وین لائف کا نام دیا گیا تھا۔ اس کے لاپتہ ہونے سے انٹرنیٹ پر یہ ایک سنسنی خیز معاملہ بن گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button