بین ریاستی خبریںسرورققومی خبریں

احاطہ عدالت میں وکیل کے حلیے میں حملہ آوروں نے گینگسٹر سنجیو مہیشوری کا کیا قاتل

خاتون وکیل نے کہا کہ ایک عورت کو گولی لگتی ہے، ایک بچہ اس کی گود میں مر جاتا ہے۔ یہ کس کی ذمہ داری ہے؟

لکھنؤ ،7جون:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) معروف باہوبلی مختار انصاری کے قریبی سمجھے جانے والے گینگسٹر سنجیو مہیشوری جیوا کو لکھنؤ کے قیصر باغ کورٹ کمپلیکس میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔اس واقعہ میں ایک بچی کو بھی گولی لگی ہے،نیز مذکورہ واقعے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے۔یوپی میں پولیس کے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان دو ماہ کے اندر قتل کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 15 اپریل کو پریاگ راج میں سابق ایم پی اور باہو بلی عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف احمد کی پولیس حراست میں میڈیا اہلکار کے بھیس میں آئے بدمعاشوں نے انہیں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔گینگسٹر سنجیو مہیشوری جیوا پر گولی چلانے والا حملہ آور وکیل کے لباس میں آیا تھا۔

پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے۔

جیوا پر بی جے پی لیڈر برہمدت دویدی کے قتل کا الزام تھا۔ جیوا یوپی کے شاملی ضلع کا رہنے والا تھا۔ اس کے خلاف 22 سے زائد مقدمات درج تھے۔ جیوا کی بیوی پائل مہیشوری نے راشٹریہ لوک دل کے ٹکٹ پر مظفر نگر صدر اسمبلی سیٹ سے 2017 کا الیکشن لڑا تھا۔سنجیو جیوا کو گولی مارنے والے حملہ آور کی شناخت وجے یادو ولد شیاما یادو ساکن ضلع جونپور کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس تفتیش میں مصروف ہے۔ دریں اثنا اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر اکھلیش یادو نے اس واقعہ پر طنز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس پی نے کچھ کہا تو کہا جائے گا کہ ایس پی نے اسے مارا۔لکھنؤ کے جوائنٹ کمشنر آف پولیس (لاء اینڈ آرڈر) اوپیندر کمار اگروال نے بتایا کہ سنجیو جیوا کو گولی لگی ہے، اسے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

جیوا کو عدالت کے احاطے میں لانے والے دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں ،انہیں بھی ہسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ واقعہ میں زخمی لڑکی بھی ٹراما سینٹر میں داخل ہے۔ اس واقعہ پر عدالت کے احاطے میں موجود وکلاء میں سخت برہمی پائی جاتی ہے ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک بچی بھی گولی لگنے سے زخمی ہوئی ہے ۔ ایک خاتون وکیل نے کہا کہ ایک عورت کو گولی لگتی ہے، ایک بچہ اس کی گود میں مر جاتا ہے۔ یہ کس کی ذمہ داری ہے؟عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے سنجیو جیوا پر 5-6 راؤنڈگولیاں چلائیں۔ واقعہ سے یہی اخذ کیا جاسکتا ہے کہ الٰہ آباد میں عتیق احمد کے ساتھ جو کچھ ہوا،اسے ہی دہرایا گیا ہے۔ حکومت وہاں بھی چوکنا نہیں ہوئی، یہاں بھی ایسا نہیں ہوسکا۔

گینگسٹر سنجیو جیوا قتل کیس: سی ایم یوگی نے دیئے کارروائی کی ہدایات

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس قتل کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی کی تشکیل کا حکم دیا ہے۔ تین ارکان پر مشتمل ایس آئی ٹی میں موہت اگروال اے ڈی جی ٹیکنیکل، نیلابجا چودھری اور پروین کمار آئی جی ایودھیا ہوں گے۔ ایک ہفتے میں تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب قتل کے فوراً بعد عدالت کے احاطے میں پہنچے لکھنؤکے پولس کمشنر ایس بی شروڈکر نے کہاکہ سنجیو مہیشوری جیوا، جسے لکھنؤ جیل میں نظر بند رکھا گیا تھا، کو ایک کیس کی سماعت کے لیے عدالت لایا گیا تھا، جہاں حملہ آوروں کے ذریعہ اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ حملہ آور وکیل کے حلیے میں آئے تھے۔

مغربی اتر پردیش کے بدنام زمانہ گینگسٹر جیوا کو مختار انصاری گینگ کا رکن سمجھا جاتا تھا۔ اس پر بی جے پی لیڈر کے قتل کا الزام تھا۔خیال رہے کہ ایک سال قبل ضلعی انتظامیہ نے کروڑوں روپے کی جائیداد کو سیل کرنے کی کارروائی کی تھی۔ یہ بے نامی جائیداد سنجیو جیوا کی بیوی پائل مہیشوری کے نام پر ہے۔ سنجیو جیوا کی بیوی پائل مہیشوری نے راشٹریہ لوک دل کے ٹکٹ پر مظفر نگر صدر اسمبلی سیٹ سے 2017 کا الیکشن لڑا تھا۔سنجیو جیوا اس وقت لکھنؤ جیل میں بند تھا۔ کرشنا نند رائے کا نام قتل کیس میں آیا تھا، حالانکہ اس کیس میں عدالت نے 2005 میں انہیں بری کر دیا تھا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق سنجیو مہیشوری عرف جیوا کیخلاف 22 سے زیادہ کیس درج ہیں۔ ان میں سے 17 مقدمات میں سنجیو کو بری کر دیا گیا تھا۔ وہ کافی عرصہ جیل میں رہے۔وہاں رہتے ہوئے گینگ چلانے کا بھی الزام تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button