ممبئی، 15دسمبر :(اردودنیا/ایجنسیاں)مطلوب گینگسٹر سریش پجاری کو تھانے کی ایک عدالت نے ممبئی اور کرناٹک میں بھتہ خوری کے کئی معاملات میں 25 دسمبر تک اے ٹی ایس کی تحویل میں بھیج دیا ہے۔سریش پجاری، ممبئی اور اس کے ملحقہ علاقے تھانے، کلیان، الہاس نگر اور ڈومبی ولی میں بھی بھتہ خوری کے مقدمات میں مطلوب تھا، اسے فلپائن سے گرفتارکرکے حوالگی کے بعد منگل کی رات دیر گئے ہندوستان لایا گیا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) اور سی بی آئی حکام نے سریش پجاری کو دہلی ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد حراست میں لے لیاتھا۔ ممبئی اور تھانے پولیس نے جبری وصولی کے کئی معاملات کے بعد بالترتیب 2017 اور 2018 میں اس کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کیے تھے۔اہلکار نے بتایا کہ پجاری 15 سال سے زیادہ عرصے سے فرار تھا ،اور اکتوبر میں فلپائن میں پکڑا گیا تھا۔
اس کے خلاف تھانے میں بھتہ خوری کے کل 23 مقدمات درج ہیں۔ سریش گینگسٹر روی پجاری کا قریبی رشتہ دار ہے اور 2007 میں اس سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اس کے بعد وہ بیرون ملک فرار ہوگیاتھا۔ حکام نے بتایا کہ جرائم کے میدان میں اپنے ابتدائی دنوں میں، اس نے انڈر ورلڈ ڈان چھوٹا راجن اور روی پجاری کے ساتھ کام کیا اور بعد میں اس نے اپنا گینگ بنالیا تھا۔



