سرورقفلمی دنیا

‘گجنی’ اور ‘لگان’ کے معروف اداکار پردیپ راوت کا 74 برس کی عمر میں دیہانت، فلمی دنیا سوگوار

کینسر سے طویل جنگ ہار گئے

ممبئی، 5 اگست (اردو دنیا نیوز/ایجنسیاں): فلم "گجنی”، "لگان” اور بی آر چوپڑا کے مشہور ٹی وی سیریل "مہابھارت” میں اپنی یادگار اداکاری سے شہرت حاصل کرنے والے سینئر اداکار پردیپ راوت کا 74 برس کی عمر میں کینسر سے طویل جنگ کے بعد دیہانت ہو گیا۔

پردیپ راوت گزشتہ کچھ عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ ان کے منیجر سدھارتھ تیواری کے مطابق بیماری دوبارہ شدت اختیار کرنے کے بعد وہ ایک ماہ سے زائد عرصے تک اسپتال میں زیر علاج رہے، جہاں منگل کے روز انہوں نے آخری سانس لی۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور ایک بیٹا شامل ہیں۔

ان کے دیہانت کی خبر سب سے پہلے اداکار یشپال شرما نے سوشل میڈیا پر دی۔ انہوں نے جذباتی پیغام میں لکھا، "ہمارے گجنی کے دیوا اور لگان کے ساتھی پردیپ راوت اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔” اس کے بعد ان کے منیجر نے بھی ان کے دیہانت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کینسر دوبارہ لوٹ آنے کے باعث ان کی طبیعت مسلسل خراب تھی۔

پردیپ راوت نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1980 کی دہائی میں کیا، تاہم انہیں ملک گیر شہرت بی آر چوپڑا کے شہرۂ آفاق ٹی وی سیریل "مہابھارت” میں اشوتتھاما کے کردار سے ملی۔ اس کردار نے انہیں ہر گھر میں پہچان دلائی اور وہ بھارتی ٹیلی ویژن کے یادگار فنکاروں میں شمار ہونے لگے۔

بعد ازاں انہوں نے بالی ووڈ اور ساوتھ فلم انڈسٹری میں بطور ولن اور کریکٹر آرٹسٹ اپنی منفرد شناخت قائم کی۔ سال 2001 میں عامر خان کے ساتھ فلم "لگان” میں دیوا سنگھ کا کردار ادا کیا، جبکہ 2005 میں تمل فلم "گجنی” میں ان کا نبھایا گیا خطرناک ولن گجنی دھرماتما شائقین میں بے حد مقبول ہوا۔ یہی کردار انہوں نے 2008 میں عامر خان کی ہندی فلم "گجنی” میں بھی دہرایا، جس نے انہیں نئی نسل کے ناظرین میں بھی بے پناہ شہرت دلائی۔

ان کے کیریئر کا ایک اہم موڑ ہدایت کار ایس ایس راجامولی کی تیلگو فلم "Sye” ثابت ہوئی، جس میں بکشو یادو کے کردار پر انہیں ناقدین اور شائقین دونوں کی بھرپور داد ملی۔

چار دہائیوں پر محیط اپنے شاندار فلمی سفر کے دوران پردیپ راوت نے ہندی، تیلگو، تمل، کنڑ، ملیالم، مراٹھی، بنگالی، بھوجپوری اور نیپالی زبانوں کی درجنوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی نمایاں فلموں میں سرفروش، دی ہیرو: لو اسٹوری آف اے اسپائی، اسٹالن، راؤڈی راٹھور، ویرم، 1: نینوکادینے، سرّینوڈو، نینے راجو نینے منتری، والٹئیر ویرایا، گلو گلو اور چھاوا شامل ہیں۔

پردیپ راوت کے دیہانت پر بالی ووڈ، ساوتھ فلم انڈسٹری اور ان کے لاکھوں مداحوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بھارتی سینما میں بطور طاقتور ولن اور باصلاحیت کریکٹر آرٹسٹ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button