قومی خبریں

انسٹاگرام پر فحاشی پھیلانے والی دو لڑکیاں اور ان کے ساتھی گرفتار

مہک اور پری کافی عرصے سے فحش ریلس بنا رہی تھیں۔

اجمیر، 16 جولائی (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز)اجمیر پولیس نے انسٹاگرام پر فحش اور نازیبا مواد پھیلانے کے الزام میں دو لڑکیوں سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ گروہ "Mehakpari143” نامی انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے شہرت اور مالی فائدے کے لیے عوام میں فحاشی پھیلا رہا تھا۔ایس پی کرشن کمار بشنوئی نے تصدیق کی کہ مہک اور پری کافی عرصے سے فحش ریلس بنا رہی تھیں۔ ان ویڈیوز میں نازیبا زبان، فحش اشارے اور اشتعال انگیز ڈائیلاگز شامل تھے، جو ضرار عالم نامی شخض ایڈیٹ کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق ان لوگوں نے انسٹاگرام پر فالوورز بڑھانے اور ماہانہ 25,000 سے 30,000 روپے کمانے کے لیے یہ حکمت عملی اپنائی تھی۔ تاہم عوام کی جانب سے موصول ہونے والی درجنوں شکایات کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کی۔

ابتدائی طور پر اتوار کے روز مہک اور پری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ حنا اور ضرار عالم کو معاونین کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔ چاروں ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو گئے تھے لیکن پولیس نے انہیں منگل کو ڈھونڈ کر گرفتار کر لیا۔پولیس تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ ان کا اصل مقصد انسٹاگرام پر تیزی سے شہرت حاصل کرنا اور مالی فائدہ اٹھانا تھا۔ پولیس نے کہا کہ ایسے سوشل میڈیا جرائم کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی تاکہ معاشرے میں اخلاقی اقدار کو محفوظ رکھا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button