
گودھرا واقعہ : اسٹیشن پر مزدوری کرنے والے رفیق حسین کو پولس نے کیا گرفتار

احمد آباد: (اردودنیا.اِن)گودھرا ٹرین واقعہ کو 19 سال گزار چکے ہیں اور اب اتنے دنوں بعد پولس نے اس واقعہ کے اہم ملزم رفیق حسین بھٹک کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق رفیق حسین کو گودھرا شہر سے گرفتار کیا ہے۔ رفیق پر الزام ہے کہ اس نے ٹرین کے کوچ پر پہلے پتھرائو کیا اور پھر بعد میں پٹرول چھڑک کر اس میں آگ لگا دی۔
اس واقعہ میں 59 کارسیوکوں کی موت ہو گئی تھی۔خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی کے حوالے سے خبر سامنے آ رہی ہے کہ گودھرا پولس نے اتوار کی شب ریلوے اسٹیشن کے نزدیک سگنل فلیا کے ایک گھر میں چھاپہ ماری کر کے رفیق حسین کو وہاں سے گرفتار کیا۔ پنچ محل ضلع کی پولس سپرنٹنڈنٹ لینا پاٹل کا کہنا ہے کہ 51 سالہ رفیق ملزمین کے اس گروپ کا حصہ تھا
جو پوری سازش میں پیش پیش تھا۔ رفیق گزشتہ 19 سالوں سے فرار تھا۔لینا پاٹل کا کہنا ہے کہ
’’رفیق اس گروپ کا حصہ تھا جنھوں نے پوری سازش تیار کی، بھیڑ کو اکسایا اور ٹرین کے کوچ کو جلانے کے لیے پٹرول کا انتظام کیا۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’جانچ کے دوران نام سامنے آنے کے فوراً بعد وہ دہلی بھاگ گیا تھا۔
اس کے خلاف قتل اور فساد پھیلانے سمیت کئی سارے الزامات ہیں۔‘‘
پولس کے مطابق دہلی میں رفیق حسین ریلوے اسٹیشن کے پاس ایک کنسٹرکشن سائٹ پر مزدوری کا کام کرتا تھا۔ اس کے علاوہ وہ ہینڈی کرافٹ اور گھر کے سامان بھی فروخت کرتا تھا۔



