
گورکھپور میں چھ سالہ بچے کا اغوا، 50 لاکھ تاوان مانگی
چھ سالہ معصوم کے اغوا کے بعد خاندان شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہے جبکہ پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے
گورکھپور 11 دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) اتر پردیش کے مہراج گنج ضلع میں ایک چھ سالہ بچے کے اغوا کے واقعہ نے پورے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ صدر کوتوالی حلقہ کے بانس پار بیجولی علاقے کے رہنے والے دیپک گپتا کے چھ سالہ بیٹے پیوش گپتا کو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر اغوا کر لیا اور اس کی رہائی کے بدلے 50 لاکھ روپئے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پیوش بدھ کی شام اپنے گھر کے سامنے موبائل فون سے کھیل رہا تھا۔ اسی دوران وہ اچانک لاپتہ ہوگیا۔ اہل خانہ نے ابتدا میں اپنے طور پر بچے کی تلاش شروع کی اور محلہ سمیت قریبی علاقوں میں کافی دیر تک تلاش جاری رکھی، لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
پیوش کے والد دیپک گپتا کے مطابق اغوا کار بچے کو اپنے ساتھ لے جانے کے بعد ایک دھمکی آمیز خط چھوڑ گئے۔ خط میں صاف طور پر 50 لاکھ روپئے پھروتی کا مطالبہ کیا گیا اور پولیس سے رابطہ نہ کرنے کی دھمکی بھی دی گئی۔ اس خط کے منظر عام پر آنے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی۔
جمعرات کی دیر رات دیپک گپتا نے انٹرنیٹ میڈیا پر اپنے بیٹے کی تصاویر اور دھمکی آمیز خطوط شیئر کرتے ہوئے عوام سے مدد کی اپیل کی۔ ان تصاویر اور پیغامات کے وائرل ہونے کے بعد معاملہ مزید سنگین ہوگیا اور پولیس کی سرگرمیوں میں تیزی آگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق صدر کوتوالی تھانہ میں گمشدگی کا مقدمہ درج کرکے پہلے ہی تفتیش شروع کردی گئی تھی، تاہم پھروتی کے خط ملنے کے بعد معاملہ اغوا میں تبدیل ہوگیا۔ پولیس نے اس حساس کیس کی جانچ کے لیے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں، جن میں کرائم برانچ کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس مختلف زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے اور قریبی علاقوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی کھنگالے جا رہے ہیں۔ اہل خانہ مسلسل بچے کی بحفاظت واپسی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں جبکہ پورے علاقے میں بے چینی کی کیفیت پائی جا رہی ہے۔



