ممبئی، 22 اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بالی ووڈ کے مشہور اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی شادی کے 37 سال بعد اب علیحدگی کی خبریں سرخیوں میں ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، سنیتا نے 5 دسمبر 2024 کو باندرہ فیملی کورٹ میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق، سنیتا نے باندرہ فیملی کورٹ میں ہندو میرج ایکٹ 1955 کی دفعہ 13 (1) (i), (ia), (ib) کے تحت طلاق کی درخواست دائر کی ہے۔ اس میں انہوں نے گووندا پر بے وفائی (adultery)، ظلم (cruelty) اور ترکِ تعلق (desertion) جیسے سنگین الزامات لگائے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، عدالت نے 25 مئی کو گووندا کو طلب کیا تھا اور جون سے دونوں فریقین کو مصالحت کی کوششوں میں شامل کیا گیا۔ تاہم، سنیتا ہر سماعت پر موجود رہیں جبکہ گووندا بار بار عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔
یاد رہے کہ فروری 2025 میں میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گووندا اور سنیتا کے درمیان مستقل جھگڑوں اور مختلف طرزِ زندگی کی وجہ سے علیحدگی ہو رہی ہے۔ یہاں تک کہ یہ بھی کہا گیا کہ گووندا کی ایک 30 سالہ مراٹھی اداکارہ سے بڑھتی قربت ان کے رشتے میں دراڑ کا باعث بنی ہے۔بعد میں ان کے وکیل اور فیملی فرینڈ للت بندل نے کہا تھا کہ اگرچہ جوڑے نے چھ ماہ پہلے طلاق کی درخواست دی تھی لیکن وہ دوبارہ قریب آ رہے ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ تاہم، اب عدالت میں جاری کارروائی نے ان افواہوں کو مزید تقویت دے دی ہے۔



