ہم نے کب کہا ایم ایس پی ختم ہورہا ہے کسان رہنما راکیش ٹکیت
نئی دہلی : (اردودنیا.اِن)وزیر اعظم نریندر مودی نے راجیہ سبھا میں صدر کے خطاب کا جواب دیتے ہوئے کسانوں کی تحریک پر بھی گفتگو کی اور کسانوں کو تحریک ختم کرکے بات چیت کرنے کی دعوت دی ۔ اس دوران وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کم سے کم سپورٹ پرائس (ایم ایس پی) کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایس پی تھا ، ایم ایس پی ہے اور ایم ایس پی جاری رہے گا۔ اب پی ایم مودی کے اس بیان کے بعد بھارتی کسان یونین (بی کے یو) کے رہنما راکیش ٹکیت کا بیان آیا ہے۔ راکیش ٹکیت نے کہا ہم نے کب کہا کہ ایم ایس پی ختم ہورہا ہے۔ ہم نے توکہا کہ ایم ایس پی پر کوئی قانون بننا چاہئے۔ اگر اس طرح کا قانون نافذ کیا گیا تو اس سے ملک کے تمام کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ فی الحال ایم ایس پی پر کوئی قانون نہیں ہے اور کسان تاجروں کے ہاتھوں لوٹ لیا جاتا ہے۔
ایوان میں اپنے خطاب میں پی ایم مودی نے کسانوں کی تحریک کے بارے میں کہاکہ ہم سب مل بیٹھ کر بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔ میں آج ایوان سے سب کو دعوت دیتا ہوں۔
وزیر اعظم نے ایوان سے کسانوں کو یقین دلایا کہ کم سے کم سپورٹ پرائس (ایم ایس پی) جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس پی تھا ، ایم ایس پی ہے اور ایم ایس پی جاری رہے گا۔ ہمیں کنفیوزن نہیں پھیلانا چاہئے۔
ملک قانون سے چلتا ہے ، بھروسے سے نہیں،راکیش ٹکیت کاجواب
کیا کسانوں سے تحریک ختم کرنے کی اپیل وزیر اعظم نریندر مودی کے اثرات مرتب ہوں گے؟ اس وقت اس سوال کا جواب تلاش کرنا مشکل ہے ، لیکن یہ بات یقینی طور پر ہے کہ جلد ہی گفتگو شروع کرنے کی توقع بڑھ گئی ہے۔ زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کرنے والے کسان تنظیموں نے پیر کو حکومت سے مذاکرات کے اگلے دور کی تاریخ طے کرنے کا مطالبہ کیا۔



