تلنگانہ کی خبریں
کل چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ پر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا عظیم الشان بیسواں مرکزی جلسہ شب ِ برأت
مہمان مقررین عالمی شہرت یافتہ عالم دین علامہ محمد احمد رضا منظری (بریلی شریف ) ، و مفسر قرآن علامہ مفتی محمد منظر حسن خان اشرفی (ممبئی ) کا مختصر تعارف
حیدرآباد۔16/مارچ2022ء ( راست ) محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) ـ و ڈاکٹر عظمت رسول کی اطلاع کے بموجب کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا عظیم الشان بیسواں مرکزی جلسہ شب ِ برأت کا انعقاد 18/مارچ 2022ء بروزجمعہ بعد نمازِ عشاء بمقام : گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ پر عمل میں آئیگا ۔
کانفرنس کی قیادت پیر طریقت حضرت مولانا سید محمد رفیع الدین حسینی رضوی قادری شرفی صاحب قبلہ ( شرفی چمن ) ، صدارت حضرت مولانا سید خلیل اللہ شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی صاحب ، سرپرستی حضرت مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی صاحب، نگرانی عالیجناب محمد شوکت علی صوفی صاحب کرینگے ۔
مہمانان ِ خصوصی کی حیثیت سے حضرت مولانا حافظ سید شاہ محمد حسینی پیر الحسینی الرضوی القادری الطاہری صاحب ، حضرت مولانا محمد اخلاق اشرفی صاحب ، حکیم ایم اے ساجد قادری ملتانی صاحب ، ڈاکٹر حیدر یمنی صاحب ، ڈاکٹر مجیب شاہد صاحب ، ڈاکٹر محمد عظیم برکاتی (ایڈوکیٹ) ، ڈاکٹر سید خالد صاحب ، ڈاکٹر سید قمر قادری صاحب ، ڈاکٹر غوث قادری صاحب شرکت کرینگے ۔
بیرونی مہمان مقرر ین عالمی شہرت یافتہ ، ممتاز عالم دین ، مفکر اسلام ، خطیب الہند حضرت العلامہ محمد احمد رضا منظری صاحب (بریلی شریف ) کی شخصیت محتاج تعارف نہیں ۔ آپ کا شمار ہندوستان کے اکابر علمائے اہل سنت میں ہوتا ہے ۔ آپ جامعہ منظر اسلام بریلی شریف سے فارغ ہیں ۔ آپ کے شب و روز دین اسلام کی ترویج و اشاعت میں گذرتے رہتے ہیں ۔
آپ کے خطابات ملک ہندوستان کی کئی ریاستوں بالخصوص ممبئی ، اترپردیش ، مغربی بنگال ، آسام کے علاوہ بیرون ملک ساوتھ افریقہ ، ڈربن و دیگر ممالک میں مقبول و معروف ہیں ۔ آپ کے فیضانِ خطابت سے لاکھوں لوگ فیضیاب ہوچکے ہیں ۔ الحمد للہ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی دعوت پر آپ مہمان مقرر کی حیثیت سے تشریف لارہے ہیں ۔
دوسرے مہمان شمالی ہند کے نامور عالم دین ، مفکر اسلام ‘ مفسر قرآن ، حافظ و قاریٔ قرآن حضرت العلامہ مولانا مفتی محمد منظر حسن خان اشرفی صاحب ممبئی کا شمار ہندوستان کے عظیم اکابر علماء کرام میں ہوتا ہے آپ کی شخصیت بھی محتاجِ تعارف نہیں ، آپ کو مفسر قرآن ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے آپ شب و روز دین متین کی تبلیغ و اشاعت میں مصروف رہتے ہیں ۔آپ عالمی سنی صوفی تحریک ، الہند کے بانی و صدر ہیں ۔ آپ کے منفرد اندازِ خطابت سے ہندوستان کی کئی ریاستوں میں عاشقانِ رسول ﷺ فیضیاب ہوچکے ہیں ۔
کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی دعوت پر آپ پہلی بار حیدرآباد تشریف لارہے ہیں جو حیدرآباد دکن کی عوام کیلئے باعث اعزاز ہوگا ۔ بیرونی مہمان نعت خواں سیاحِ افریقہ ، بلبلِ باغِ مدینہ ، شہنشاہِ ترنم عالیجناب محمد عادل اشرفی صاحب (بھیونڈی) کا شمار عالمی شہرت یافتہ مداح خوانِ رسول ﷺ میں ہوتا ہے ۔
آپ بھی پہلی بار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی دعوت پر حیدرآباد تشریف لارہے ہیں ۔ مقامی مقررین کرام میں حضرت العلامہ ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی صاحب (کامل الحدیث جامعہ نظامیہ)، حضرت مولانا حافظ و قاری محمد اقبال احمد رضوی القادری ، حضرت مولانا ڈاکٹر نادر المسدوسی ، حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی ) کے بھی خطابات ہونگے۔
جلسہ کا آغاز حافظ و قاری کلیم الدین حسان صاحب کی قرات سے ہوگا ۔بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں معروف ثناء خوان ہدیہ نعت پیش کرینگے۔ صدر استقبالیہ عالیجناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی صاحب ( ایڈوکیٹ سپریم کورٹ) خطبہ استقبالیہ پیش کرینگے ۔
نیز اس عظیم الشان جلسہ میں عالم اسلام کے مسلمانوں کیلئے خصوصی و رقت انگیز دُعاء کا اہتمام کیا جائیگا ۔ محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ سابقہ کانفرنسوں و جلسوں میں فرزندان توحید کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے گورنمنٹ جونیر کالج گراونڈ چنچل گوڑہ پر وسیع تر نشستوں کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔
پینے کے پانی اور پارکنگ کی بہتر سہولت رہیگی۔ محمد عادل اشرفی ، محمد قادر خان قادری ، محمد عبدالمنان عارف قادری ، سید طاہر حسین قادری ، محمد عبید اللہ سعدی قادری شرفی ، مولانا ممتاز اشرفی نے تمام برادران اسلام سے گذارش کی ہے اس عظیم الشان جلسہ کو وقت کی اہم ضرورت سمجھتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت فرماکر اس جلسہ کو کامیاب بنائیں۔



