
ہاردک پٹیل کیلئے بھاجپاکے دل میں ’نرم گوشہ ‘ حکومت انتخابات سے پہلے ہاردک پٹیل کیخلاف مقدمہ واپس لے گی
احمد آباد ،10مئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) گجرات میں اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی ہارد ک پٹیل کے لئے نرم رویہ اختیار کرچکی ہے ۔ فی الحال کانگریس لیڈر ہاردک پٹیل کو احمد آباد سیشن کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت نے گجرات حکومت کو پاٹی دار لیڈر اور 17 دیگر کے خلاف مقدمات واپس لینے کی اجازت دے دی ہے۔ دراصل ریاستی حکومت کی جانب سے ان لوگوں کیخلاف درج مقدمہ واپس لینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی۔
دوسری جانب ہاردک پٹیل نے اسے بڑی جیت قرار دیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا اور لکھا، سچائی کو پریشان کیا جا سکتا ہے، شکست نہیں دی جاسکتی۔ تاہم اسمبلی انتخابات سے چند ماہ قبل ہونے والے ان واقعات نے کانگریس کے لئے ہلچل بڑھا دی ہے۔یہ کیس 2017 کا ہے۔ اس وقت میونسپل کونسلر پریش پٹیل نے پاٹی دار لیڈر ہاردک پٹیل سمیت 21 لوگوں کے خلاف توڑ پھوڑ اور بدامنی کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہاردک اور ان کے حامی ان کے گھر کے سامنے جمع ہوئے، اندر داخل ہوئے اور احاطے میں توڑ پھوڑ کی۔ سیشن کورٹ نے اپنے حکم میں ایف آئی آر میں نامزد تمام 21 ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سے قبل اپریل میں ضلعی عدالت نے حکومت کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ اس کے بعد حکومت معاملے کو لے کر سیشن کورٹ پہنچ گئی۔
ہاردک پٹیل کا لہجہ پچھلے کچھ دنوں سے بدلا ہوا لگتا ہے۔ وہ پہلے ہی الزام لگا چکے ہیں کہ گجرات کانگریس کے مقامی لیڈر نہ تو خود کام کر رہے ہیں اور نہ ہی کسی اور کو کام کرنے دے رہے ہیں۔ تاہم اس سے قبل انہوں نے کانگریس چھوڑنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہائی کمان سے ناراض نہیں ہیں،بلکہ وہ مقامی قیادت سے ناراض ہیں۔



