فرضی ڈیتھ سرٹیفیکٹ کے ذریعہ 5 لاکھ روپئے ہڑپ لیا ، ماں کی شکایت پر بیٹا فرار
حیدرآباد ۔:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کوئی بھی بیٹا جیتے جی اپنی ماں کو نہیں مار ڈالتا لیکن ایک لالچی بیٹے نے پیسوں کی خاطر فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے سرکاری ریکارڈ میں اپنی ماں کو مار دیا اور بحیثیت نامنی ریتو بیمہ اسکیم کے 5 لاکھ روپئے کو ہضم کرلیا ۔ اس واقعہ کا ایک سال مکمل ہوگیا ۔ ہر سال ریتو بندھو اسکیم کی رقم بینک کھاتے میں جمع ہوتی تھی ۔ دو سیزن سے جمع نہ ہونے پر اس خاتون زرعی عہدیداروں سے رابطہ کیا تب اس ماں کو اپنے بیٹے کی دھوکہ دہی کا پتہ چلا ۔ یہ واقعہ ضلع نلگنڈہ کے ویمولہ پلی منڈل میں پیش آیا ۔
منڈل کے آمنا گلو گاوں کی خاتون کے لنگماں کے دو بیٹے ہیں اس خاتون کے شوہر کا چند برس قبل انتقال ہوگیا ۔ تب سے گاوں میں ٹفن سنٹر چلانے والے بڑے بیٹے ویرا سوامی کے پاس ماں رہ رہی تھی ۔ اس خاتون کی اسی منڈل کے ایک گاوں میں 9 گنٹہ زرعی اراضی ہے ۔ ویرا سوامی نے ریتو بیمہ اسکیم کے 5 لاکھ روپئے حاصل کرنے کے لیے ایک منظم سازش تیار کی اپنے قریبی رشتہ دار جو نائب سرپنچ ہے اس کی مدد سے گذشتہ سال 6 اپریل کو اپنی ماں لنگماں کا انتقال ہوجانے کا فرضی ڈیتھ سرٹیفیکٹ تیار کروایا اور اسی ماہ 16 اپریل کو ریتو بیمہ کی رقم کے لیے درخواست داخل کی ۔
ایک ماہ بعد ویرا سوامی کے بینک کھاتے میں ریتو بیمہ کی رقم 6 مئی 2021 کو جمع ہوگئی ۔ دو سیزن سے ریتو بیمہ اسکیم کھاتے میں جمع نہ ہونے اور پی ایم کسان فنڈز کی رقم بھی وصول نہ ہونے پر 15 دن قبل لنگماں نے زرعی عہدیدار سے رجوع ہوئی ، عہدیدار کی جانب سے آن لائن میں جانچ کرنے پر لنگماں کا انتقال ہوجانے اور اس کے نامنی بیٹے ویرا سوامی کو ریتو بیمہ وصول ہونے کا انکشاف ہوا ۔ ساتھ ہی ویلیج سکریٹری کی جانب سے جاری کردہ ڈیتھ سرٹیفیکٹ بھی موجود تھا ۔ جس پر زرعی عہدیدار کی جانب سے پولیس میں شکایت کرائی گئی اور ویرا سوامی فرار بتایا گیا ہے ۔۔



