لندن:(اردو دنیا نیوز/ایجنسیاں)دنیا کے کئی ممالک اب بھی کووڈ 19 کی لپیٹ میں ہیں، اور اب ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سبز چائے اس وبا کے علاج میں نہایت مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ تحقیق حال ہی میں برطانیہ کی سوانسی یونیورسٹی میں کی گئی ہے جس کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔
تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ اگر کووڈ 19 کے مریض سبز چائے استعمال کریں تو اس سے نہ صرف دوا کی تاثیر میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ شفایابی کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے۔
یہ تحقیق سب سے پہلے بھارت میں ڈاکٹر سریش موہن کمار نے کی تھی، جو بعد میں برطانیہ منتقل ہو گئے اور وہیں سوانسی یونیورسٹی میں اپنی تحقیق کو جاری رکھا۔ اُن کے مطابق سبز چائے میں پائے جانے والے قدرتی مرکبات جسم کے مدافعتی نظام کو تقویت دیتے ہیں۔
اہم مرکب "گیلوکیٹے چِن”
سبز چائے میں ایک اہم مرکب گیلوکیٹے چِن (gallocatechin) پایا جاتا ہے جو نہ صرف وائرس کے حملے کو روکتا ہے بلکہ مریضوں کو تیزی سے صحتیاب کرنے میں مدد دیتا ہے۔
اگرچہ یہ تحقیق ابتدائی مراحل میں ہے اور اس پر محدود پیمانے پر تجربات ہوئے ہیں، لیکن سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سبز چائے کو بطور قدرتی معاون علاج مزید تحقیق کے بعد دوا کے ساتھ شامل کیا جا سکتا ہے۔



