الٰہ آباد؍نینی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کوشامبی سے نینی برات لے کرآئے دولہا اور اس کے والد کو گرل فرینڈ نے پولیس اسٹیشن بھیجوا دیا ۔ لڑکے کی دوسری لڑکی کے ساتھ شادی ہونے کی اطلاع پر گرل فرینڈ برہم ہوگئی ۔ جس کے بعد گرل فرینڈ اپنی ماں کے ساتھ منڈپ پہنچی اور ہنگامہ آرائی کرنے لگی۔ گرل فرینڈ کی اطلاع پر پہنچے پولیس نے دولہا اور اس کے والد کو تھانے لے آئی ، جہاں دونوں فریقین کے مابین بات چیت جاری ہے۔
’شاہ جی کا پورہ‘ محلے میں رہنے والی ایک لڑکی کا الزام ہے کہ پانچ سال قبل اس کی جان پہچان کوشامبی کے ایک نوجوان سے ہوئی ہے۔ پھر آپس میں معاشقہ ہوگیا متاثرہ لڑکی کا الزام ہے کہ ان پانچ سالوں میں دونوں میاں بیوی کی طرح رہتے تھے۔ جب متاثرہ لڑکی شادی کی بات کرتی، تو وہ گھر بنا نے کا بہانہ بناکر شادی کو مؤخر کردیتا تھا۔متاثرہ لڑکی کا الزام ہے کہ اس کے پریمی نے دو ماہ قبل مکان بنایا تھا، اور جمعہ کے روز اس نے رشتہ دار کی لڑکی سے شادی کے لئے بارات لے کر پہنچا ہے ۔
شادی کی اطلاع ملنے پر متاثرہ لڑکی اس جگہ پہنچی جہاں بارات پہنچی تھی،وہاں پہنچ کر لڑکی ہنگامہ کرنے لگی۔ متاثرہ لڑکی نے 112 پر ڈائل کرکے پولیس کو بلالیا اور عاشق اور اس کے والد کو تھانے بھیج دیا۔ اس معاملے میں انسپکٹر نینی سنیل باجپائی نے بتایا کہ یہ شادی کا معاملہ ہے ، دونوں فریق بیٹھ کر بات چیت کر رہے ہیں ، ابھی تک کوئی تحریری شکایت نہیں کی گئی ہے۔



