قومی خبریں

ہیلی کاپٹر حادثے میں زخمی ہونے والے گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی موت

نئی دہلی ،15 ؍دسمبر :(اردودنیا/ایجنسیاں)ہندوستانی فضائیہ نے بدھ کو مطلع کیا ہے کہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ جو فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں زخمی ہوئے تھے، بنگلورو کے ایک فوجی اسپتال میں چل بسے۔ وہ اس حادثے میں زندہ بچ جانے والے آخری شخص تھے۔

یہ اطلاع فضائیہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے دی گئی۔ ٹویٹ کے مطابق کیپٹن ورون سنگھ نے آج صبح آخری سانس لی۔ وہ 8 دسمبر کوہوئے IAF Mi-17V5 ہیلی کاپٹر کے حادثے میں بری طرح زخمی ہو گئے تھے۔ کیپٹن ورون سنگھ کو اس سال اگست میں شوریہ چکر سے نوازا گیا تھا۔آئی اے ایف نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ ہندوستانی فضائیہ کی طرف سے دکھ کے ساتھ یہ اطلاع دی جارہی ہے کہ 8 دسمبر 2021 کو ہیلی کاپٹر کے حادثے میں زخمی ہونے والے بہادر گروپ کیپٹن ورون سنگھ کا آج انتقال ہوگیا۔

ہندوستانی فضائیہ سوگوار خاندان کو تسلی دیتی ہے اور ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔کیپٹن ورون سنگھ کی موت کی خبر پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کیا اور اپنے غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ نے پورے حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ملک کی خدمت کی۔

مجھے ان کے انتقال سے بہت دکھ ہوا ہے۔ قوم کے لیے ان کی لازوال خدمات کو کبھی فراموش نہیں کی جائے گی۔ ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے میری تعزیت۔ واضح رہے کہ 8 دسمبر کو فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر 14 افراد کو لے کر جا رہا تھا۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت بھی اس ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔

یہ ہیلی کاپٹر تمل ناڈو کے کنور میں نیلگیری کی پہاڑیوں میں اچانک گر کر تباہ ہو گیا جس سے ایک ہی دن 13 افراد ہلاک ہو گئے لیکن کیپٹن ورون کافی حد تک زخمی ہونے کے باوجود زندگی کی جنگ لڑتے رہے۔ اس دن سے وہ زیر علاج تھے لیکن آج ان کا انتقال ہوگیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button