پی ایم مودی کا اظہارِ افسوس ، مہلوکین کے اہل خانہ کیلئے 2-2 لاکھ معاوضہ کا اِعلان
احمد آباد ، 18 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) گجرات میں ایک نمک ساز فیکٹری میں دردناک حادثہ پیش آگیا ۔ فیکٹری کی دیوار گرنے سے 12 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیکٹری کی دیوار گرنے سے نہ صرف کئی مزدور ہلاک ہوئے بلکہ 18 کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔ یہ واقعہ موربی کے ہلود جی آئی ڈی سی میں پیش آیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پولیس پہنچ گئی ہے اور راحت و بچاؤ کام شروع ہو گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جائے حادثہ پر اب بھی 15 سے زائد مزدور دبے ہوئے ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق دیوار کے پاس بیٹھ کر مزدور نمک کی پیکنگ کر رہے تھے۔
اسی دوران پوری کی پوری دیوار منہدم ہو گئی۔ حادثے کے قریب نصف گھنٹے پہلے یہاں 70 سے زیادہ مزدور کام کر رہے تھے، لیکن ان میں سے 30 سے زائد مزدور کھانا کھانے باہر چلے گئے تھے۔ وزیر اعظم دفتر کی طرف سے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پی ایم او نے کہا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے کنبہ کو پی ایم این آر ایف کی طرف سے 2-2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔



