احمدآباد، 16 اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)گجرات حکومت ایودھیا میں رام جنم بھومی درشن کرنے والے ہر قبائلی کو 5 ہزار روپے کی مالی مدد فراہم کرے گی۔ وزیر سیاحت پورنیش مودی نے کہا کہ قبائلی لوگ شبری ماتا کی اولاد ہیں۔ بھگوان رام نے 14 سالہ جلاوطنی کے دوران شبری ماتا سے ملاقات کی۔ اب ان کی اولاد کو ایودھیا یاترا کیلئے مالی امداد دی جائے گی۔
وزیر سیاحت نے قبائلی اکثریتی ڈانگ ضلع میں مالی امداد کا اعلان کیا۔ وہ سبیر گاؤں میں موجود شبری دھام کے لوگوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ حکومت ایودھیا کی یاترا کیلئے قبائلیوں کو 5000 روپے کی مالی امداد دے گی۔وزیر سیاحت کے اس اعلان کے بعد ریاست کی سیاست بھی گرم ہوگئی ہے۔
کانگریس کے قبائلی لیڈر تشار چودھری نے الزام لگایا کہ بی جے پی قبائلیوں کے لیے کچھ نہیں کرتی، اس لیے انتخابات سے پہلے ایسے وعدے کئے جا رہے ہیں۔ریاست میں کل 19 فیصد قبائلی ہیں اور دونوں جماعتیں ان پر نظر رکھتی ہیں۔
اسی لیے 4 قبائلی وزراء کو بھوپندر پٹیل کابینہ میں جگہ دی گئی ہے۔ تاہم کانگریس کی قبائلی ووٹ بینک پر اچھی گرفت ہے۔ اب بی جے پی کی نظریں اس ووٹ بینک پر ہیں۔



