بین ریاستی خبریں

گجرات بجٹ 2026: تعلیم کو تاریخی ترجیح، 63 ہزار کروڑ روپے مختص

نئی تعلیمی ترجیحات مستقبل کے تقاضوں اور قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق ترتیب دی گئی

گاندھی نگر 18 فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) گجرات حکومت نے ریاستی بجٹ 2026-27 میں تعلیم کے شعبے کیلئے 63,184 کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں اسکولی ڈھانچے کی مضبوطی، طلبہ کی فلاح و بہبود اور اعلیٰ و تکنیکی تعلیم کے فروغ پر خاص توجہ دی گئی ہے۔

ریاستی وزیر خزانہ کنو دیسائی نے اسمبلی میں مسلسل پانچواں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیمی اصلاحات، ڈیجیٹل سہولتوں اور طلبہ مرکوز اسکیموں کے ذریعے تعلیم کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی تعلیمی ترجیحات مستقبل کے تقاضوں اور قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق ترتیب دی گئی ہیں۔

مشّن اسکولس آف ایکسی لینس کے تحت پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کے ڈھانچے کی بہتری کیلئے 3,055 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔ نامو لکشمی یوجنا کیلئے 1,250 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جس کا مقصد طالبات کو تعلیم جاری رکھنے میں مدد فراہم کرنا ہے، جبکہ کمزور معاشی طبقات کے بچوں کو نجی اسکولوں میں تعلیم دلانے کیلئے 827 کروڑ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پوشٹک الپہار یوجنا کیلئے 598 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کی جا سکے۔ اسی طرح اسکولی کھانے کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے 552 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جس کے تحت مختلف تعلقوں میں جدید مرکزی کچن قائم کیے جا رہے ہیں۔

سرکاری سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کی مرمت اور تعمیر کیلئے 342 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ سائنسی تعلیم حاصل کرنے والے تقریباً ڈھائی لاکھ طلبہ کی مدد کیلئے 250 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ رہائشی تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے 223 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

ریاستی ٹرانسپورٹ بسوں میں سفر کرنے والے تقریباً 13 لاکھ طلبہ کیلئے بس پاس رعایت کی مد میں بھی 223 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ صفائی اور حفظان صحت کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے 31,790 اسکولوں کیلئے 135 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ میں مفت نصابی کتابوں کیلئے 119 کروڑ روپے، مثالی اسکولوں کی ترقی کیلئے 114 کروڑ روپے، اور باصلاحیت طلبہ کیلئے میرٹ اسکالرشپ اسکیم کے تحت 100 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ معذور طلبہ کیلئے نقل و حمل اور سہولیات کی مد میں 91 کروڑ روپے جبکہ طالبات میں حفظان صحت کے فروغ کیلئے 47 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے شعبے میں وزیراعلیٰ یوا سواولمبن یوجنا کے تحت 400 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں تاکہ ہزاروں طلبہ کو پیشہ ورانہ تعلیم میں مدد مل سکے۔ 16 نئے سرکاری کالج شروع کرنے اور کئی اداروں کی تکمیل کیلئے 126 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

کالجوں اور جامعات میں کھیلوں کے فروغ کیلئے 96 کروڑ روپے، اختراعی مراکز کی مضبوطی کیلئے 80 کروڑ روپے، اور تکنیکی اداروں کے بنیادی ڈھانچے کیلئے 67 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ میں طلبہ کی ذہنی صحت کے پروگرام، صنعتی روابط کی بہتری، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور نئی تعلیمی شاخوں کے قیام پر بھی زور دیا گیا ہے۔

ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ بجٹ نوجوان نسل کو جدید تعلیم، ہنر اور مواقع فراہم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے، جس سے گجرات کو تعلیمی اور معاشی طور پر مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button