
احمد آباد ، 11ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)گجرات میں اسمبلی انتخابات سے قبل بڑی خبر آگئی ۔ریاستی وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔وہ گورنر آچاریہ دیو ورت سے ملاقات کرکے انہیں اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ اس ا ستعفیٰ کے بعد گجرات میں سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ خیال رہے کہ و جے روپانی نے استعفیٰ کا یہ فیصلہ اسمبلی انتخابات سے 15 ماہ قبل لیا ہے۔
وجے روپانی نے گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کرنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء مرکزی وزیر صحت من سکھ مانڈاویا اور نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل گاندھی نگر میں بی جے پی کے دفتر پہنچے۔ ذرائع کے مطابق ممبران اسمبلی کا اجلاس کل منعقد ہوسکتا ہے۔استعفیٰ کے بعد روپانی نے میڈیا سے بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔پی ایم نریندر مودی اور بی جے پی صدر جے پی نڈا کی رہنمائی میں پارٹی کی تنظیمی سطح پر کام کرنے کی خواہش ہائی کمان سے ظاہر کردی ہے ۔ بی جے پی کا ہائی کمان یہاں (گاندھی نگر) آکرجلد ہی نئے وزیر اعلیٰ کے نام کا فیصلہ کرسکتی ہے۔
خیال رہے کہ وجے روپانی کے استعفیٰ کے بعد ریاست میں نئے وزیر اعلیٰ کے حوالے سے قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے اب تک چار نام سامنے آئے ہیں۔
ان میں مرکزی وزراء من سکھ مانڈاویا ، نتن پٹیل ، سی آر پاٹل اور پرشوتم روپالا شامل ہیں، تاہم بی جے پی سے وابستہ ذرائع نے اس حوالے سے کچھ بھی کہنے سے انکار کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جمعرات کی شب وزیر داخلہ امیت شاہ نجی دورے پر گجرات کے احمد آباد پہنچے تھے۔



