گروگرا م: مساجد میں نہیں ہوگی نماز جمعہ،مقامی جمعیۃ علماء کا اعلان
جمعیۃ علماء گروگرام نے نماز جمعہ کے حوالے سے بڑا فیصلہ لیا
گڑگاؤں ،3اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) نوح اور گروگرام میں پرتشدد واقعات کو لے کر جمعیۃ علماء گروگرام نے نماز جمعہ کے حوالے سے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ مساجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کی جائے گی تاہم دو روز قبل نوح میں ایک مذہبی جلوس پر پرتشدد ہجوم کے حملہ اور پھر گڑگاؤں کی ایک مسجد کے نائب امام کو شہید کرنے کے بعد حالات قابو میں ہیں۔اس کے لیے سیکورٹی فورسز کی تقریباً پندرہ ٹکڑوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود جمعیۃ علماء گروگرام نے مساجد میں نماز جمعہ ادا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بدھ کی شام دیر گئے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے اس فیصلے کا اعلان کیا۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ دو روز قبل کچھ سماج دشمن عناصر نے شہر کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔
اس دوران نقصان بھی ہوا، تاہم شہر کا امن و سکون اب بھی برقرار ہے۔ اس کے باوجود کرونا لاک ڈاؤن کی طرح مسلمانوں سے اس جمعہ کو اپنے گھروں میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔جمعیۃ علماء گروگرام کے مقامی صدر مفتی سلیم قاسمی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ جمعہ کی نماز مساجد میں ضرور ہوگی، لیکن مساجد کے انتظامی امور سے منسلک صرف چار سے پانچ لوگ ہی اس میں شرکت کر سکیں گے ۔



