گوہاٹی ،08؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایک اہم معاملے میں گوہاٹی کی ایک عدالت نے آسام پولیس کو آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے یہ حکم کانگریس ایم پی عبدالخالق کی شکایت کی بنیاد پر دیا ہے۔28 دسمبر، 2021 کو خالق نے سرما کے خلاف دسپور پولیس اسٹیشن میں پولیس شکایت درج کروائی،
جس میں اس پر آسام کے درنگ ضلع میں ’نفرت پھیلانے‘ اور اشتعال انگیز بیان دینے کا الزام لگایا گیا، لیکن پولیس نے شکایت درج نہیں کی تھی۔ اس واقعے کے بعد پولیس کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ جب پولیس نے ایم پی کی شکایت پر باضابطہ طور پر ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا تو خلیق نے گوہاٹی میں سب ڈویڑنل جوڈیشل مجسٹریٹ کے پاس شکایت درج کرائی۔
اس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے پولیس کو ہدایت دی کہ وزیر اعلیٰ کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔عدالت نے اپنے حکم میں کہاکہ او سی دسپور پولیس اسٹیشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شکایت میں درج الزامات کی بنیاد پرمقدمہ درج کریں اور معاملے کی منصفانہ تحقیقات کریں اور جلد از جلد حتمی فارم جمع کرائیں۔
ایف آئی آردرج کرنے میں ناکام ہونے کی وجہ سے پولیس اپنی ڈیوٹی نبھانے میں ناکام رہی ہے، الزامات کی سچائی کوئی ایسی نہیں چیز نہیں جس ایف آئی آر درج کرنے سے پہلے جانچ کی جا سکے۔
ایف آئی آر درج نہ کرنے سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پولیس اپنی ڈیوٹی کو انجام دینے میں ناکام رہی ہے ، لہٰذااس عدالت کا خیال ہے کہ یہ سی آر پی سی کی دفعہ 156(3) کے تحت ایک مناسب کیس ہے۔



