وارانسی، 7اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وارانسی کی عدالت نے جمعہ کو پانچ خواتین عرضی گزاروں کی طرف سے گیان واپی مسجد کے اندر ڈھانچے کی کاربن ڈیٹنگ کی درخواست پر فیصلہ سنانے کو 11 اکتوبر تک ملتوی کر دیا جس کے بارے میں ہندو فریق نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ مبینہ شیولنگ ہے۔بنچ نے کہا کہ فیصلہ منگل کو دوپہر 2 بجے سنایا جائے گا۔ قبل ازیں اس معاملے سے متعلق ہندو گروپ اور مسجد انتظامیہ کمیٹی کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے 29 ستمبر کو اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔عدالت نے 22 ستمبر کو درخواست پر سماعت کی اجازت دی تھی۔
اس سال کے شروع میں وارانسی کی ایک عدالت نے ایک درخواست کی بنیاد پر مسجد کی فلم بندی کا حکم دیا تھا جس میں مسجد کی بیرونی دیوار پر واقع ہندو دیوتاؤں کے بتوں کی پوجا کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی۔ ویڈیو گرافی کے بعد، ہندو درخواست گزاروں نے دعویٰ کیا کہ وضوخانہ کے اندر ایک نام نہاد مبنیہ شیولنگ ملا ہے، خیال رہے کہ یہ ایک حوض ہے جسے وضو کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے ۔تاہم مسجد کی انتظامیہ نے کہا تھا کہ یہ وضوخانہ کے فاؤنٹین سسٹم کا حصہ ہے۔



