بین الاقوامی خبریںسرورق

حج سنہ 1447ھ: 17 لاکھ سے زائد حجاج کرام نے مناسکِ حج ادا کیے، عرفات سے مزدلفہ روانگی کا مرحلہ مکمل

حج سیزن میں رابطوں کا نیا ریکارڈ، مکہ مکرمہ میں ایک دن میں 2 کروڑ 13 لاکھ فون کالز

مکہ مکرمہ 27 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) سعودی عرب کی عمومی مقتدرہ برائے شماریات نے اعلان کیا ہے کہ حج سنہ 1447ھ کے دوران مجموعی طور پر 17 لاکھ 7 ہزار 301 حجاج کرام نے فریضۂ حج ادا کیا۔ ان میں 15 لاکھ 46 ہزار 655 عازمین بیرونِ ملک سے مختلف فضائی، زمینی اور بحری راستوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچے جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار 646 حجاج سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں پر مشتمل تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق مجموعی حجاج میں 8 لاکھ 93 ہزار 396 مرد جبکہ 8 لاکھ 13 ہزار 905 خواتین شامل رہیں۔ سعودی محکمہ شماریات نے بتایا کہ بیرونِ ملک سے آنے والے زیادہ تر حجاج فضائی راستے سے پہنچے جن کی تعداد 14 لاکھ 85 ہزار 729 رہی، جبکہ 54 ہزار 429 حجاج زمینی راستوں اور 6 ہزار 497 حجاج بحری راستوں سے مملکت میں داخل ہوئے۔

محکمۂ شماریات کے مطابق یہ اعداد و شمار وزارتِ داخلہ کے انتظامی ریکارڈز کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں تاکہ حج سے متعلق درست اور قابلِ اعتماد معلومات فراہم کی جا سکیں۔ ادارے نے واضح کیا کہ گذشتہ کئی برسوں سے جدید شماریاتی نظام کے تحت حج کے اعداد و شمار مرتب کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب میدانِ عرفات میں حج کے رکنِ اعظم کی ادائی کے بعد سورج غروب ہوتے ہی حجاج کرام نے مشعر مزدلفہ کی جانب روانگی شروع کر دی۔ روح پرور مناظر کے درمیان لاکھوں عازمین نے انتہائی نظم و ضبط اور سکون کے ساتھ عرفات سے کوچ کیا۔

حجاج کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے مشاعر ٹرین، شٹل بسوں اور منظم ٹریفک نظام کا استعمال کیا گیا۔ سکیورٹی اور ٹریفک حکام نے مختلف شاہراہوں اور راستوں پر اضافی اہلکار تعینات کیے تاکہ بڑے انسانی ہجوم کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکے اور آمد و رفت میں روانی برقرار رہے۔

مشعر مزدلفہ میں حجاج کرام کے قیام کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ روشنی، صفائی، واش رومز، طبی مراکز اور ہنگامی امدادی خدمات کو فعال رکھا گیا ہے جبکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر طبی مسائل سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم بھی جاری رکھی گئی۔

حجاج کرام مزدلفہ میں مغرب اور عشاء کی نمازیں جمع اور قصر کے ساتھ ادا کرتے ہیں اور سنتِ نبویؐ پر عمل کرتے ہوئے رات وہیں گزارتے ہیں۔ بعد ازاں عید الاضحیٰ کی صبح جمرات کی رمی اور دیگر مناسک کی ادائی کے لیے منیٰ روانہ ہوتے ہیں۔

حج سیزن میں رابطوں کا نیا ریکارڈ، مکہ مکرمہ میں ایک دن میں 2 کروڑ 13 لاکھ فون کالز

  سعودی عرب کی کمیونیکیشنز، اسپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن نے بتایا ہے کہ یومِ ترویہ کے دوران مکہ مکرمہ اور مشاعرِ مقدسہ میں مواصلاتی نظام نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ صرف ایک دن میں 2 کروڑ 13 لاکھ فون کالز ریکارڈ کی گئیں جن میں ایک کروڑ 86 لاکھ مقامی جبکہ 27 لاکھ بین الاقوامی کالز شامل تھیں۔

کمیشن کے مطابق موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 404 میگا بائٹ فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی جبکہ فی کس یومیہ ڈیٹا استعمال 1326 میگا بائٹ تک پہنچ گیا، جو عالمی اوسط سے کہیں زیادہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل نظام، تیز رفتار انٹرنیٹ اور مربوط تکنیکی انتظامات کے ذریعے حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ مقدس مقامات میں رابطے اور خدمات کا نظام بلا تعطل جاری رہے۔

حجاج کرام کی سہولت کے لیے سعودی وزارتِ تجارت کا بڑا انتظام، 45 کروڑ 90 لاکھ بنیادی اشیاء فراہم

سعودی وزارتِ تجارت نے اعلان کیا ہے کہ حج سنہ 1447ھ کے دوران حجاج کرام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مکہ مکرمہ اور مشاعرِ مقدسہ میں 45 کروڑ 90 لاکھ سے زائد بنیادی اشیاء مختلف مارکیٹوں اور فروخت مراکز تک پہنچائی جا چکی ہیں۔

وزارت کے مطابق ذو الحجہ کے آغاز سے اب تک اشیائے خور و نوش کی فراہمی کے وسیع منصوبے پر مسلسل عمل جاری ہے تاکہ لاکھوں عازمینِ حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔ اعداد و شمار کے مطابق 6 کروڑ سے زیادہ روٹیاں مختلف مقامات تک پہنچائی گئی ہیں جبکہ صاف پینے کے پانی کی 22 کروڑ سے زائد بوتلیں فراہم کی گئی ہیں۔

اسی طرح دودھ، جوس اور دیگر مشروبات کی 16 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بوتلیں بھی تقسیم کی گئی ہیں، جبکہ شدید گرمی کے پیش نظر ایک کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ برف کے بلاکس بھی حجاج کی سہولت کے لیے مہیا کیے گئے۔

وزارتِ تجارت نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً ایک کروڑ سے زائد روٹیاں، 3 کروڑ 30 لاکھ پانی کی بوتلیں اور تقریباً 2 کروڑ 80 لاکھ دودھ، جوس اور مشروبات کی بوتلیں سپلائی کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ روزانہ 20 لاکھ سے زیادہ برف کے بلاکس بھی مختلف مقامات تک پہنچائے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق فیلڈ ٹیمیں مسلسل بازاروں، اسٹورز اور سیلز پوائنٹس کا معائنہ کر رہی ہیں تاکہ اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہ آئے اور حجاج کرام کو بہتر خدمات مہیا کی جا سکیں۔ وزارت نے واضح کیا کہ حج سیزن کے دوران رسد کے نظام کو مستحکم رکھنے اور اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا عمل 24 گھنٹے جاری رکھا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button