
مکہ اور مقدس مقامات کی مساجد میں اذان و اقامت کے وقفے کم، حجاج کو ایک لاکھ 23 ہزار طبی خدمات فراہم
حجاج کرام کو اب تک ایک لاکھ 23 ہزار طبی خدمات فراہم کی جا چکی ہیں۔
ریاض 21 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور، دعوت و ارشاد نے حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ، مرکزی علاقے اور مقدس مقامات کی مساجد میں اذان اور اقامت کے درمیان وقفے کو مختصر کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد حجاج کرام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا، رش کے دباؤ کو کم کرنا اور عبادات کی ادائیگی کو زیادہ منظم بنانا بتایا گیا ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق نماز فجر میں اذان اور اقامت کے درمیان 15 منٹ کا وقفہ رکھا جائے گا، جبکہ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازوں میں یہ دورانیہ 5 منٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح جمعہ کے خطبے اور نماز کے مجموعی وقت کو بھی 15 منٹ تک محدود رکھنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ رش والے اوقات میں حجاج کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سعودی حکام کے مطابق یہ انتظامات حج سیزن کے خصوصی آپریشنل پلان کا حصہ ہیں، جس کے تحت مقدس مقامات پر لاکھوں زائرین کی نقل و حرکت کو آسان اور محفوظ بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مساجد اور اطراف کے علاقوں میں بڑھتے ہوئے ہجوم کے پیش نظر یہ اقدامات ناگزیر سمجھے گئے۔
ادھر سعودی وزارت صحت نے بھی حج سیزن کے دوران حجاج کرام کے لیے طبی سہولیات میں اضافے کی تصدیق کی ہے۔ وزیر صحت فہد الجلاجل کے مطابق اب تک عازمین حج کو ایک لاکھ 23 ہزار سے زیادہ طبی خدمات فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا کہ صحت ورچوئل ہسپتال کے تعاون سے حجاج کرام کو آن لائن طبی مشاورتی خدمات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔ اس ڈیجیٹل نظام کے ذریعے زائرین فون، ویڈیو اور ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے فوری طبی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں، جس سے ہسپتالوں اور طبی مراکز پر دباؤ کم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
حکام کے مطابق “937” ہیلپ لائن اور “صحتی” ایپلی کیشن کے ذریعے عربی، انگریزی، اردو، فرانسیسی، ترکی، فارسی اور انڈونیشیائی زبانوں میں خدمات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ مختلف ممالک سے آنے والے حجاج کرام کو سہولت حاصل ہو سکے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حجاج اپنی طبی رپورٹس شیئر کرنے، مشورہ لینے اور الیکٹرانک نسخے حاصل کرنے کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ سعودی حکام کے مطابق ان تمام اقدامات کا مقصد حجاج کرام کو محفوظ، آرام دہ اور بہتر طبی و انتظامی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مناسک حج اطمینان اور سہولت کے ساتھ ادا کر سکیں۔



